لکھنؤ(نامہ نگار)دوشنبہ سے شروع ہونے والا اترپردیش شیعہ سینٹرل وقف بورڈ کا انتخابی عمل تیسری بار ملتوی کر دیا گیا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود شری پرکاش سنگھ نے دوشنبہ کو بورڈ انتخاب ملتوی ہونے کی اطلاع دی۔ وقف بورڈ میں پھیلی مبینہ بدعنوانی اور انتخابی ووٹر لسٹ میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے مولانا سید کلب جواد وقف بورڈ انتخابات کی مخالفت کر رہے تھے۔ اتوار کو سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو سے ملاقات کے دوران مولانا نے الیکشن ملتوی کرانے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد حکومت نے دوشنبہ کی صبح نظم ونسق کا حوالہ دیتے ہوئے انتخابات کو ایک بار پھر ملتوی کر دیا۔
وقف بورڈ انتخابات میں ووٹر لسٹ کو درست کرنے، وقف بورڈ میں بدعنوان لوگوںکو آنے سے روکنے جیسے مطالبات کو لے کر مولانا کلب جواد گذشتہ کافی دنوں سے تحریک چلا رہے ہیں۔ ان ہی مطالبے کے سلسلہ میں مولانا نے جمعۃ الوداع کو وقف وزیر محمد اعظم خاں کی قیام گاہ کو گھیرنے کی اپیل کی تھی۔ الوداع کی نماز کے بعد شہید اسمارک پر مظاہرہ کر رہے مظاہرین پر پولیس نے لاٹھی چارج کر دیاتھا۔
واضح ہو کہ اس سے قبل وقف بورڈ انتخابات اب تک تین بار ملتوی کئے جا چکے ہیں پہلی بار دسمبر میں اس وقت جب محرم چل رہے تھے۔ دوسری بار رمضان میں مولانا نے انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر انتخابی عمل شروع ہونے سے ایک دو دن قبل ہی الیکشن ملتوی کر دیئے گئے تھے اور اب پھر تیسری بار الیکشن ملتوی ہوا ہے۔