سہارن پور، 5 اگست (یو این آئی) اترپردیش کے فساد زدہ شہر سہارن پور سے دن کا کرفیو اٹھا لیا گیا ہے اور حکام نے کرفیو میں 16 گھنٹے کی ڈھیل دیتے ہوئے اسے صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ سندھیا تیواری نے کہا کہ شہر میں حالات معمول پر آچکے ہیں اور روز مرہ کی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام اسکول اور کالج کھل گئے ہیں اور وہاں کی تدریس شروع ہوگئی ہے۔محترمہ تیواری نے مزید کہا کہ ابھی کچھ دنوں تک رات کا کرفیو جاری رہے گا اور سکیورٹی دستے شہر کے حساس علاقوں میں تعینات رہیں گے ۔حکام نے اگلے کسی حکم تک شہر میں دو پہیہ گاڑیوں کی پیچھے کی سیٹ پر کسی مسافر کو بیٹھنے پر پابندی عائد کردی ہے۔