نئی دہلی۔ٹیم انڈیا نے انگلینڈ کے خلاف سائوتھمپٹن میں تیسرے ٹسٹ میں شکست کے باوجود آسی سی ٹیسٹ درجہ بندی میں اپنا چوتھا مقام برقرار رکھا ہے. اگرچہ پانچ
میچوں کی سیریز ابھی 1-1 سے برابر چل رہی ہے۔
پہلا ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد ہندوستان نے لاررڈس میں دوسرا ٹیسٹ جیت لیا تھا، لیکن تیسرے ٹیسٹ میں اسے شکست ملی تھی۔ اس ہار کے باوجود مہندر سنگھ دھونی کی ٹیم نے 102 درجہ بندی پوائنٹس کے ساتھ اپنا چوتھا مقام برقرار رکھا ہے۔ہندوستان اور انگلینڈ (100 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر) کی درجہ بندی کافی حد تک سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز پر بھی انحصار کرے گی، جس کی شروعات چھ اگست سے گالے میں ہوگی۔ پاکستان فی الحال 103 ریٹنگ پوائنٹس لے کر تیسرے نمبر پر ہے جبکہ سری لنکا 95 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ٹیسٹ درجہ بندی کو لے کر آنے والے کچھ دنوں میں کافی اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔انڈیا اگر باقی دو ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے اور پاکستان، سری لنکا کے آگے ٹسٹ سیریز گنوا دیتا ہے، تو درجہ بندی لسٹ میں انڈیا کو فائدہ ہونا طے ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان اگر سیریز ہارتا ہے تو وہ چھٹے مقام پر کھسک جائے گا۔ اس درمیان جنوبی افریقہ 9 اگست سے جب ہرارے میں واحد ٹیسٹ میں زمبابوے کا سامنا کرے گا تو اس کی نظریں نمبر ایک پر اپنی جگہ برقرار رکھنے پر ٹکی ہوگی۔
وہیں دوسری جانب انگلش کھلاڑی ہندوستان کو چوتھے ٹیسٹ میں شکست دینے اور کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا ٹیسٹ اولڈ ٹریفورڈ میںکل سے کھیلا جائیگا۔اس ضمن میں وکٹ کیپر جوزبٹلر نے کہا ہے کہ ہندوستان کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھی انگلینڈ کی ٹیم اپنی عمدہ کارکردگی کو برقرار رکھے گی اورہندوستان کو شکست دینے میں کامیاب ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ چوتھے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کو آسان نہیں لیا جائے گا اور انگلینڈ کی ٹیم پوری طاقت کے ساتھ میدان مید اترے گی اور شاثقین کرکٹ کو جیت کا ایک اور تحفہ دے گی۔ فاسٹ بولراسٹیورٹ براڈ کا کہنا ہے کہ ہندوستان کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد تمام پلیئرز فارم میں آچکے ہیں اورسیریز میں کامیابی کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا دینگے۔ انہوں نے کہا کہ حریف ٹیم کو آئندہ ٹیسٹ میں ٹف ٹائم دینگے۔مجھے امید ہے کہ پلیئرزہندوستانی ٹیم کے تمام عزائم ناکام بناتے ہوئے ٹیم کی فتح میں اپنا کردار ادا کرینگے۔
فاسٹ بولراسٹیون فن نے چوتھے ٹیسٹ میں شامل ہونے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہاہے کہ وہ اس ٹیسٹ کو اپنی بہترین کارکردگی سے یادگار بنانا چاہتے ہیں۔ وہ اس ٹیسٹ میچ میں سلیکٹرز کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ وہ ایک سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کررہے ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ ان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہونگی۔
واضح رہے کہ ہندوستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔واضح رہے کہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے اینڈر سن اور ہندوستان کے جڈیجہ کے درمیان تنازع کے سبب دونوں ٹیموں میں تنائو پایا جاتا ہے۔