لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ چنہٹ مٹیاری واقع ستیہ آشرم کی منیجر میرا دیوی کا قتل گلا دباکر کیا گیا تھا۔ اس بات کا انکشاف آج پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ہوا ہے۔ وہیں شک کی بنیاد پر منیجر کی ایک شاگرد اور اس کے ایک دوست کے خلاف قتل کی رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ پولیس کا بھی ماننا ہے کہ منیجر کا قتل جائیداد کے تنازعہ کے سبب کیا گیا ہے۔ سی او گومتی نگر اشوک کمار نے بتایا کہ میرا دیوی کا قتل ہوا تھا۔ اس بات کی تصدیق پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ہوگئی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میرا دیوی کا گلا دباکر قتل کیا گیا تھا۔ اس معاملہ میں دیر شب کو ہی آشرم میں رہنے والی میرا دیوی کی شاگرد بے بی بہن نے دوسری شاگرد پوجا اور اس کے ایک دوست پر قتل کا شک جتاتے ہوئے رپورٹ درج کرائی تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد پولیس بھی اب اس بات کو مان رہی ہے کہ میرا دیوی کے قتل میں آشرم میں رہنے والے کسی شخص کا ہاتھ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک کی گئی تفتیش اس بات کی طرف اشارہ کر رہی ہے کہ منیجر کاقتل جائیداد تنازعہ کے سبب کیا گیا ہے۔ فی الحال پولیس کچھ لوگوں سے اس معاملہ میں پوچھ گچھ میں مصروف ہے۔ واضح ہو کہ دو شنبہ کی شام ستیہ آشرم کی منیجر کی لاش ان کی کوٹھری میں پڑی ملی تھی۔