لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ سنسکرت زبان کی بہبودی کیلئے پیسے کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ سماج وادی افراد سبھی زبانوں کی عزت کرتے ہیں۔ زبانیں ہمارے ملک کو جوڑنے کا کام کرتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بات آج سنگیت ناٹک اکادمی میں اترپردیش سنسکرت سنستھان کی جانب سے منعقدہ جنیشور مشرا سنسکرت ودوشی اعزازی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سنسکرت کو زبانوں کو پیدا کرنے والی کہا جاتا ہے۔ ایسا اس لئے ہے کیونکہ یہ دیوتاؤںکی زبان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنیشور مشرا سماج وادی خیال کے شخص تھے اور چھوٹے لوہیا کے نام
سے مشہور تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج ان کی جینتی کے موقع پر ہم سبھی ان کی شخصیت و ان کے خیال سے سبق لے رہے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ غریبوں ، مایوسوں ، استحصال کا شکار اقلیتوں اور سماج کے پسماندہ لوگوں کی فلاح کیلئے کوششیں کیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کے یوم پیدائش پر منعقد یہ پروگرام ان کی شخصیت کے مطابق ہے۔ انہوںنے کہا کہ سماج وادی آج ملک کی ضرورت ہے۔ ملک کو سیکولر لوگوں کی سخت ضرورت ہے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے اس برس شروع کئے جا رہے جنیشور مشرا سنسکرت ودوشی ایوارڈ سے الہ آباد یونیورسٹی کے سنسکرت شعبہ کی صدر پرفیسر کشور جبیں نسرین کو سرفراز کیا۔ پروفیسر نسرین کو اعزاز کے طور پر ۱۵۱۰۰۰ روپئے نقد و سرٹیفکیٹ دے کر سرفراز کیا گیا۔ اس موقع پر اترپردیش سنسکرت سنستھان کے صدر شنکر سہیل، سیاسی وزیر پنشن راجندر چودھری بھی موجود تھے۔