لکھنؤ(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادونے آج آنجہانی جنیشور مشر کے۸۲ ویں یوم پیدائش کے موقع پر گومتی نگر میںملک کے عظیم الشان جنیشور مشر پارک کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ سماجوادی لوگ سرسبز پارک تعمیر کرانے پر اعتماد کرتے ہیں تاکہ لوگ وہاں پہنچ کر سکون محسوس کریں۔
وزیر اعلیٰ نے آنجہانی جنیشور مشر کے ساتھ اپنے یادگار لمحات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے سیکولر کردار کو برقرار رکھنے کیلئے سماجوادی اصولوں کی سخت ضرورت ہے۔ سماجوادی نظریات سے ہی ملک کے سبھی طبقوں کو فائدہ پہنچایا جاسکتا ہے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ جنیشور جی ہمیشہ غریبوں ، مظلوموں، نوجوانوں اور عام لوگوں کے مسائل کیلئے جدوجہد کرنے والے رہنما تھے۔ ان کی شخصیت اتنی متاثر کن تھی کہ ان کی ایک اپیل پر سماجوادی نظریات رکھنے والے لوگ مرمٹنے کیلئے تیار رہتے تھے۔
ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں
نے کہا کہ موجودہ وقت میں مکمل اکثریت کی حکومت ہے اسی لئے اس کی گھیرا بندی بھی زیادہ کی جاتی ہے۔ ملک میں ایسی کوئی ریاستی حکومت نہیں ہے جس کے تین شہروںمیں میٹرو چلانے کیلئے کام کیا جا رہا ہو۔
انہوں نے کہا کہ آگرہ سے لکھنؤ تک تعمیر ہونے والے گرین فیلڈ ایکسپریس وے کے سلسلہ میں انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اس شاہراہ کو اپنے مالیاتی وسائل سے تعمیر کرانے جا رہی ہے۔ریاستی حکومتیں اتنے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کاموں کے بارے میںنہیں سوچتیں جتنے وسیع پیمانے پر ریاستی حکومت کی جانب سے ترقیاتی کام کرائے جارہے ہیں۔اس موقع پر آنجہانی جنیشور مشر کی زندگی پر مبنی کتاب کا اجراء بھی کیا گیا۔ تقریب کو اسپیکر ماتاپرساد پانڈے، شیو پال سنگھ یادو، سینئر صحافی کے وکرم راؤ، سنیل یادو، احمد حسن، رگھوراج پرتاپ سنگھ اور چیف سکریٹری آلوک رنجن وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔