لاہور۔ ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ کھیلوں کی دنیا میں پاکستان نے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے، ورلڈ کبڈی لیگ کے سلسلہ میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان اہم معاہدے پر جمعرات کو دستخط ہو رہے ہیں، یہ چمپئن لیگ
تین براعظموں کے 5 ممالک میں کھیلی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، عثمان انور نے کہا کہ پاکستان نے کھیلوں کی دنیا میں اہم سنگ میل عبور کیا ہے، ورلڈ کبڈی لیگ کے سلسلہ میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جمعرات کے روز اہم معاہدے پر دستخط ہورہے ہیں، ہندوستانی وفد بدھ کے روز 12بجے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئے گا، وفد میں ہندوستانی وزیر دیہی ترقی اور پنچائیت سکندر سنگھ بھینوال اور ہندوستانی وزیراعلیٰ کے سنیئر مشیر پنیت سنگھ چاندڈوک شامل ہیں،اسی روز ہندوستانی وفد سپورٹس بورڈ پنجاب میں اہم اجلاس میں شرکت کرے گا۔ ہندوستانی وفدجمعرات کے روز پاکستان کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرے گا، پاکستان کی طرف سے صوبائی وزیر کھیل، قانون اور تعلیم رانا مشہود احمد خان اور دیگر اہم شخصیات معاہدے پر دستخط کریں گے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ پاکستان کیلئے یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے، ورلڈ کبڈی لیگ تین براعظموں کے پانچ ممالک میں کھیلی جائے گی جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ ورلڈ کبڈی لیگ کے انعقاد سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہو گا اس سے قبل کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کی کبڈی کی مرد و خواتین کی ٹیموں نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی تھیں، اس ایونٹ سے پاکستان میں کبڈی کا کھیل مزید فروغ پائے گا اور نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ہمارے ملک کی اسپورٹس کیلئے قابل فخر بات ہے، اس معاہدے سے پاکستان اسپورٹس کا حب بنے گا، اس سے قبل اس طرح کے بڑے ایونٹ پاکستان میں نہیں ہوتے تھے اب پاکستان بھی اس میں شامل ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ کبڈی لیگ میں لاہور لائنز، ہندوستانی اداکارہ سوناکشی سنہا، اکشے کمار، سنگر یویو ہنی سنگھ اور مکھن سنگھ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ورلڈ کبڈی لیگ میں 10 ممالک کے 250 کھلاڑی شریک ہوں گے۔