کانپور جانے والی میمو ٹرین میں سیٹ پر بیٹھنے کے سلسلہ میں چار باغ ریلوے اسٹیشن پر کچھ خواتین کے ساتھ تین نوجوانوں نے چھیڑ خانی کی۔ جس پر ساتھ میں سفر کر رہے خواتین کے گھر والوں اور ملزمین کے درمیان زبردست مار پیٹ ہوئی۔ جی آرپی نے موقع پر پہنچ کر معاملہ خاموش کر کے ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ چمپا پوروا شکلا گنج اناؤ کے رہنے والے پرشوتم نشاد اپنے کنبہ کے ۴۸؍افراد کے ساتھ بدھ کو پورنا گیری مندر درشن کرنے گئے ہوئے تھے جس میں ۳۰ خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ وہاں سے درشن کرنے کے بعد وہ پیلی بھیت سے جمعہ کی صبح لکھنؤ پہنچے۔ لکھنؤ سے کانپور جانے والی میمو ٹرین سے گھر واپس جانے کیلئے جب چار باغ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر چار پر کھڑی میمو ٹرین میں سوار ہوئے۔ ٹرین میں پہلے سے موجود تین نوجوان خواتین کے پاس آکر سیٹ پر بیٹھنے کے سلسلہ کو لیکر چھیڑ خانی شروع کر دی۔ خواتین کے ساتھ سفر کر رہے ان کے گھر والوں نے جب اس کی مخالفت کی تو جونوان ہاتھا پائی پر اتر آئے۔ اس درمیان بات بڑھ گئی اور مار پیٹ شروع ہو گئی۔ اطلاع پر پہنچی جی آرپی پولیس نے تینوں نوجوان بنتھرا کے نرمل کمار راج کشور اور سجیت کمار کو گرفتار کر لیا۔ جی آر پی کے مطابق متاثرہ فریق کی تحریر پر تینوں نوجوانوں کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔