نئی دہلی، 8 اگست (یو این آئی) چناب ندی میں بہہ کر پاکستان پہنچنے والے سرحدی سلامتی دستہ (بی ایس ایف) کے جوان کو آج دوپہر بعد تین بجے ہندوستان کو سونپ دیا جائے گا۔وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج یہاں ایک تقریب کے بعد نامہ نگاروں کو بتایاکہ بی ایس ایف کی تین کمپنیوں کی 33 بٹالین کے کانسٹبل ستیہ شیو پرکاش یادو کو آج دوپہر بعد سچیت گڑھ میں بین الاقوامی سرحد سے جموں سیکٹر کے رنبیر سنگھ پورہ سیکٹر کے آکٹرائے پوسٹ سے ہندوستان بھیجا جائے گا۔ مسٹر یادو کے استقبال کے لئے خود بی ایس ایف کے ڈائرکٹر جنرل ڈی کے پاٹھک جموں کشمیر روانہ ہوچکے ہیں۔ مسٹر سنگھ نے بتایاکہ کل کمانڈینٹ سطح کی فلیگ میٹنگ میں مسٹر یادو کو بی ایس ایف کے حوالے کرنے کا فیصل
ہ کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ مسٹر یادو پانچ دیگر جوانوں کے ساتھ اکھنور سیکٹر ہمیر پور سرحدی چوکی سے کل گشت کے لئے نکلے تھے۔ چناب چوکی کے نزدیک ندی کے درمیان میں ان کی موٹر بوٹ خراب ہوگئی تھی جن میں پانچ جوان کو تو بحفاظت نکال لیا گیا تھا، لیکن مسٹر یادو ندی کے تیز دھارے میں بہہ کر پاکستان کے سیالکوٹ سیکٹر کے باجوات گاؤں پہنچ گئے تھے۔