لکھنؤ: پارہ کے ہنس کھیڑا گاؤں میں لاش ملنے سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ یہ لاش گئوکشی کی واردات کے مقام سے محض ۵۰۰ میٹر کی دوری پر ملی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نشہ کی وجہ سے نوجوان کی موت ہوئی ہے جبکہ کچھ لوگ نوجوان کی موت کو گئو کشی کی واردات سے جوڑ رہے ہیں۔ ہنس کھیڑا گاؤں میں گئوکشی کو لیکر ہنگامہ چل رہا تھا اسی درمیان ۵۰۰ میٹر دوری پر ایک ۳۰ سالہ نوجوان کی لاش ملنے سے پورے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور لوگ جمع ہو گئے۔
موقع پر پہنچی پولیس نے جب تفتیش کی تو مہلوک نوجوان کے پاس سے کچھ نشہ آور گولیاں بھی ملیں۔ پولیس اور دیہی عوام نے بتایا کہ مذکورہ شخص نشہ کا عادی تھااو رنشہ کی وجہ سے ہی اس کی موت ہوئی ہے جبکہ کچھ لوگوں نے اس نشہ خور کی موت کو نیا رنگ دیتے ہوئے گئو کشی پر جوڑ دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ گئو کشی کی واردات کا وہ چشم دید گواہ تھا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔