لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کسانوںنے اپنے مسائل کو لیکر لکشمن میلہ پارک میں بھارتیہ کسان یونین بھانو کے زیر اہتمام اپنے مطالبات کو لیکر دھرنا و مظاہرہ کیا۔ ناراض کسانوں نے حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مسلسل کسانوں کے ساتھ سوتیلا برتاؤ کر رہی ہے ۔ دھرنے میں موجود ریاست بھر سے آئے کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ گناکسانوں کو ان کی فوری بقایا رقم کی ادائیگی کی جائے۔ کسانوںنے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ان کا جو قرض ہے حکومت جلد اسے معاف کر کے کسانوں کو راحت دے۔ دھرنے کوخطاب کرتے ہوئے بھارتیہ کسان یونین کے بھانو پرتاپ سنگھ نے کہا کہ ملک کو ترقی دینے والا کسان آج بدحالی کی زندگی گزار رہا ہے۔ حکومت ہمیشہ کسانوں کو یقین دہانی ہی دیتی چلی آرہی ہے، کسانوں کی فلاح میں کوئی بھی حکومت
کام کرنا نہیں چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش حکومت فوری کسانوں کو دی جانے والی فراہمی انہیں مہیا کرائی جائے۔ اس کے علاوہ کسانوں کو پانی اور کھاد بھی مہیا کرانے کی پہل کرے۔ دھرنے میں موجود سیکڑوں کی تعداد میں شامل کسانوں نے حکومت کے خلاف ناراضگی ظاہر کی۔