لکھنؤ(بیورو)بجلی صارفین کو بہتر سہولتیںفراہم کرانے کے مقصد سے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بجلی محکمہ کے افسران کو سخت ہدایت دی ہے کہ بجلی کنکشن دینے اوربجلی چوری روکنے کیلئے ریاست گیر مہم شروع کی جائے لیکن یہ خیال رکھا جائے کہ غریبوں کا استحصال نہ ہو۔ ایماندار صارفین کا پورا خیال رکھا جائے انہیں گھر بیٹھے کریڈٹ کارڈ نیٹ بینکنگ کے ذریعہ بجلی بل جمع کرانے کی بہتر
سہولت دی جائے۔ ویب سائٹ کے ذریعہ بل جمع کرنے کی تشہیر کی جائے اور یہ بندوبست بھی کیاجائے کہ صارفین کو موبائل فون پر بل کی اطلاع مل سکے۔
وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بجلی نظام کو بہتر بنانے کیلئے آج اینکسی میں جائزہ کے دوران افسران کو انتباہ دیتے ہوئے ہدایت دی کہ للت پور انپرا ڈی اور بارا الٰہ آباد کے نئے بجلی پروجیکٹس کو تیزی سے مکمل کیاجائے ۔ تحصیل سطح پر ۱۱/۳۳ کے وی سب اسٹیشنوں کے قیام کا کام ہر حالت میں اس سال ستمبر تک مکمل ہو جانا چاہئے۔
وزیر اعلیٰ نے پرنسپل سکریٹری توانائی کو ہدایت دی کہ ریاست میں زیر تعمیر بجلی پروجیکٹ خصوصاً للت پور بارا اور انپرا ڈی کا موقع پر معائنہ کر کے ان پروجیکٹس کو تیزی سے مکمل کرائیں تاکہ عوام کو آئندہ سال ہر حال میں بجلی مل سکے۔ وزیر اعلیٰ نے بجلی محصول وصولی کا بھی جائزہ لیا۔ افسران نے انہیں بتایا کہ پوری ریاست میں تقریباً ۱۳لاکھ نئے بجلی کنکشن دیئے گئے ہیں۔ صارفین کو اپنی شکایت درج کرانے کیلئے مدھیانچل بجلی تقسیم کارپوریشن میں 18001800440، پشچمانچل میں 18001803002، دکشنانچل میں 18001803023اور پوروانچل میں 18001805025نمبروں کے کال سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان نمبروں پر درج شکایتوں کا نمٹارہ فوراً کیا جائے اور مقامی سطح پر اس سہولت کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے۔
وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت دیہی علاقوں کے بجلی بندوبست میں اصلاح کی جانب توجہ دے رہی ہے۔ اس کے تحت تحصیلوں میں بہتر بجلی فراہمی کیلئے ۱۱/۳۳ کے وی کے بجلی سب اسٹیشن قائم کئے جا رہے ہٰں۔ انہوں نے پرنسپل سکریٹری توانائی کو ہدایت دی کہ اس کام میں تیزی لاتے ہوئے ستمبر ۲۰۱۴ء تک اسے مکمل کرائیں۔انہوں نے سبھی سب اسٹیشنوں کو بجلی کاری کئے جانے کی بھی ہدایت دی تاکہ ان کا فائدہ مقامی عوام کو حاصل ہو سکے۔