لکھنؤ۔ تعلیمی میقات ۱۴-۲۰۱۳ء میں لکھنؤ یونیورسٹی ایتھ لیٹک ایسوی ایشن نے یونیورسٹی سطح کی مختلف کھیلوں کیلئے ٹیمیں تیار کی تھیں لیکن نہ تو کوئی ٹیم ظفرمند ہوئی اور نہ ہی ان کو کوئی تمغہ ملا۔ خود چیئر مین پون اگروال کو ہی اس بات کا بھروسہ نہیں کہ ٹیمیں تمغے جیت کر لائیں گی تو بھلا ایسی ٹیمیں کیسے کامیاب ہو سکیں گی۔ تمغہ کی امید میں یونیورسٹی نے جمعہ کو پھر ایک ٹیم ادے پور کیلئے روانہ ہوئی ہے جو ۱۴؍ اراکین پر مشتمل ہے جس کے کوچ پروفیسر اجیت ہیں۔ یہ ٹیم ایتھ لیٹک کراس کنٹری مقابلہ میں شرکت کیلئے گئی ہے۔ اس سلسلہ میں چیئر مین کا کہنا ہے کہ تمغہ جیتنے کی تو امید نہیں لیکن ہاں یہ ضرور ہے کہ ٹیم یہ ضرور جان جائے گی کہ مقابلوں میں کس طرح شریک ہوا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ یہ مقابلہ ۱۰؍نومبر کو ہوگا جس میں لکھنؤ یونیورسٹی کی نمائندگی یہ ٹیم کرے گی۔