لکھنؤ۔(نامہ نگار)حسن گنج علاقے میں رہنے والے ایک کارپینٹر نے جادو ٹونے کے چکر میں تین برس تک اپنی چھوٹی بیٹی کے ساتھ آبروریزی کی۔ لڑکی نے جب اس بات کی شکایت اپنی ماں سے کی تو ماں نے بھی اس کو ڈانٹ کر خاموش رہنے کیلئے کہا جمعرات کو متاثرہ نے شکایت حسن گنج پولیس سے کی۔ پولیس نے اس معاملے میں ملزم ماں،باپ کو گرفتار کرلیا وہیں متاثرہ لڑکی کو طبی جانچ کیلئے بھیج دیا گیا۔ حسن گنج کوتوالی انچارج دنیش سنگھ نے بتایا کہ تروینی نگر باشندہ ایک کارپینٹر تین برس سے اپنی چھوٹی بیٹی کے ساتھ آبروریزی کررہا تھا۔لڑکی نے جب باپ کی اس حرکت
کی شکایت اپنی ماں سے کی تو ماں نے بھی اس کی مدد کرنے کے بجائے اس کو ہی ڈانٹ کر خاموش کرادیا۔ لڑکی تین برس تک باپ کی حیوانیت کو جھیلتی رہی۔ جمعرات کو باپ نے پھر جب اس کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی تواس نے مخالفت کردی۔ اس پر ملزم باپ نے اس کو گھر سے دھکا دے کر نکال دیا۔ باپ کی حیوانیت اور ماں کی غیر سنجیدگی کا شکار لڑکی سیدھے حسن گنج کوتوالی پہنچی اور اپنے ساتھ ہوئی پوری واردات کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس بھی لڑکی کی بات سن کر حیران رہ گئی۔ پولیس نے فوراً ہی لڑکی کے باپ کو گرفتار کیا۔لڑکی نے جب پولیس کو بتایا کہ اس حیوانیت میں اس کی ماں بھی با پ کا ساتھ دے رہی تھی تو پولیس نے اس کی ماں کو بھی گرفتار کرلیا۔ پولیس نے متاثرہ لڑکی کو طبی جانچ کیلئے بھیج دیا ۔ پوچھ گچھ میں ملزم باپ نے بتایا کہ اس پر کوئی سایہ آتا ہے اور اس کے بعد جو کچھ بھی ہوتا ہے وہ سایہ کرتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی باتیں بے بنیاد ہیں ۔متاثرہ لڑکی کے ایک بھائی اور ایک بہن بھی ہیں۔