لکھنؤ۔(نامہ نگار)حسن گنج علاقے میں ایک معصوم کے ساتھ موٹر میکینک نے غیر فطری فعل کیا۔ بچے نے اس بات کی جانکاری گھر والوں کو دی تو ان لوگوں نے شکایت پولیس سے کی ۔پولیس نے بدنامی دکھاتے ہوئے ان کو خاموش رہنے کیلئے کہا معاملہ میڈیا تک پہنچا تو پولیس نے فوری اس معاملے میں رپورٹ درج کرلی ہے۔ فی الحال ملزم کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔ حسن گنج ریتی محلہ کا باشندہ ایک سبزی فروش اپنے کنبہ کے ساتھ رہتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کا آٹھ سال کا بیٹا درجہ تین کا طالب علم ہے۔ کئی دنوں سے معصوم درد کی بات کنبہ والوں سے کہہ رہا تھا۔کنبہ والوں نے اس کی بات کو نظر انداز کردیا ۔گذشتہ ۳؍اگست کو جب والد نے معصوم سے درد کے بارے میں پوچھا تو وہ سہم گیا ڈرتے ڈرتے معصوم نے بتایا کہ پاس میں رہنے والاایک موٹر میکینک کئی دنوں سے اس کے ساتھ غلط کام کررہا ہے۔ اس بات کاپتہ چلنے پر کنبہ والوں کے ہوش اڑ گئے۔ وہ لوگ معصوم کو لے کر کوتوالی پہنچے اور ساری واردات پولیس کو بتائی ۔پولیس نے متاثرہ کنبہ کو بدنامی کی بات کہتے ہوئے خاموش رہنے کیلئے کہا وہیں معصوم کا باپ اپنی رپورٹ درج کرانے کیلئے پولیس کے چکر لگاتا رہا۔ ادھر جمعہ کو اس بات کی خبر میڈیا والوںتک پہنچ گئی۔ اس کے بعد حسن گنج پولیس فوراً حرکت میں آگئی اورپولیس نے اس معاملے
میں ملزم میکینک کے خلاف سنگین دفعات کے تحت رپورٹ درج کرلی ہے۔ فی الحال ملزم کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔