لکھنؤ۔(نامہ نگار)ریاست کے وزیرتعمیرات عامہ اور آبپاشی شیو پال سنگھ یادو نے آج سیفئی اٹاوہ میں محکمہ تعمیرات عامہ کو ڈاک بنگلہ میں جنتا درشن کے دوران لوگوں سے روبرو ہوتے ہوئے ان کے مسائل کو سنا اور افسران کو ان کے جلد از جلد تصفیہ کی ہدایت کی۔ عام آدمی کا اپنے کام لئے سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑے۔ کام میں لاپروائی اور تاخیر کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کا بھی عندیہ دیا۔ ڈاک بنگلے میں سیکڑوں کی تعداد میں موجود لوگوں سے شیو پال سنگھ یادو نے ان کے پاس جاکر فرداً فرداً ان کے مسائل کو جاننے کی کوشش کی۔ مسٹر یادو نے لوگوں کے ذریعے دی گئی درخواستوں کو خود ہی وصول کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری طور پر ہدایت دی،درخواستوں میں متعدد شکایتیں باہمی تنازعہ سے متعلق تھیں۔ زمین کے تنازعات کے معاملے میں مسٹر یادو نے روینیو دستاویزوں کے مطابق تصفیہ کی ہدایت دی۔ انہوں نے پولیس کو قانون اور انتظام درست رکھنے کو کہا اور ہدایت دی کہ بے قصور شخص کو پریشان نہ کیا جائے۔ شیو پال نے جنتا درشن کے بعد افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام لوگوں اور غریب بے سہارا افراد کے کسی قسم کے مسئلہ کو پولیس یا روینیو افسران کے ذریعے جلد از جلد تصفیہ کرایا جانا چاہئے۔