عدالت نے کہا ہے شوہر نے یہ قتل انتقامی کارروائی کے تحت کیے
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق اپنی اہلیہ کے مبینہ ناجائز تعلقات پر چھ لوگوں کا قتل کرنے والے شخص کو عدالت نے
سزائے موت سنائی ہے۔
38 سالہ شاؤ زونگچی کو چین کے صوبے یونن میں جنوری سنہ 2014 میں قتل کرنے کا مجرم پایا گيا تھا۔
چینی خبر رساں ایجنسی شن ہوا نے بتایا ہے کہ عدالت کے مطابق شاؤ کو جب پتہ چلا کہ ان کی بیوی کے دو دوسرے لوگوں کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں تو انھوں نے انتقام کا راستہ اختیار کیا۔
انھوں نے چینی سالِ نو سے پہلے نو افراد پر گولی چلائی جس کے نتیجے میں اس ایک شخص کو بھی مار دیا جس سے شاؤ کی اہلیہ کے تعلقات تھے۔
اس شخص کے علاہ اس کے اہل خانہ بھی ان کی انتقامی کارروائی کا شکار ہو گئے۔
اس کے علاوہ انھوں نے دوسرے شخص کے دو رشتہ داروں کو بھی ہلاک کر دیا۔
تاہم شاؤ کی اہلیہ سے تعلقات رکھنے والا دوسرا شخص، اس کا بیٹا اور اس شخص کی ماں زندہ بچ گئے۔
پیر کو سنائے جانے والے فیصلے میں عدالت نے اس انتقامی کارروائی میں زندہ بچ جانے والے افراد کو چھ لاکھ چار ہزار یوان (چینی کرنسی) یعنی تقریباً 98 ہزار امریکی ڈالر معاوضہ دینے کی بات کہی ہے۔
شن ہوا کے مطابق شاؤ نے کہا ہے کہ وہ عدالت کے اس فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل کریں گے۔