لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ چیف سکریٹری آلوک رنجن نے کہا کہ خدمات میں نئے نوجوان افسر خود کو افسر نہ سمجھ کر عوام کا خادم مان کر کام کریں۔ اپنی بہتر خدمات سے عوام کے درمیان اپنی منفرد شناخت بنائیں۔ اپنی خدمات کی مدت میں انتظامیہ کی اسکیموں کے بہتر نتائج کیلئے مقامات کا معائنہ لازمی طور پر کریں۔ عوام کے مسائل کا فوری تصفیہ کرانے کیلئے عوام سے براہ راست رابطہ قائم کریں۔ عوام کو عزت
دیتے ہوئے ان کی باتوں کو سنجیدگی سے سن کر شفافیت کے ساتھ مسئلہ کا حل نکالیں۔ انہوںنے کہاکہ افسر کی تعیناتی سے قبل بھی اس کی کارگزاری کی چرچا شروع ہونے کے سبب سماج میں اس کی الگ شبیہ بن جاتی ہے۔ عام آدمی سے دوری قطعی نہ بنائی جائے۔ اپنی خدمات کی مدت میں وہ اپنے کو افسر نہ سمجھ کر عوام کا خادم سمجھیں تاکہ سماج کا ان پر بھروسہ زیادہ بڑھ سکے۔ چیف سکریٹری آج سال ۲۰۱۳ء کے تربیت یافتہ پی سی ایس افسران سے ملاقات کر رہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ افسران کو اپنی انتظامی ذمہ داریوں کو بغیر کسی دباؤ کے قانون کے مطابق ادا کرنی چاہئے۔ انتظامیہ کی اسکیموں کا فائدہ مستحق لوگوں کو ضرور ملنا چاہئے۔ ملازمت کے دوران موصول شکایتوں کے حل کیلئے معاون ملازمین کی رپورٹ کو بنیاد مان کرہی نہیں بلکہ موقع پر جاکر حقیقت حاصل کرنے کی کوشش کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لازمی طور پر یہ دھیان رکھنا چاہئے کہ ملازمت کے دوران کسی بھی شخص کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونی چاہئے ۔ زیر التوا معالات کو بھی معینہ وقت میں حل کر کے اہل لوگوں کو انصاف دلانا چاہئے تاکہ غریب اور اہل افراد انصا ف کیلئے در در نہ بھٹکیں۔ اس موقع پر جنرل ڈائریکٹر انتظامیہ اور انتظامیہ اکادمی نیت رام سکریٹریٹ انتظامیہ اروند نرائن مشرا سمیت ۲۰۱۳ء کے تربیت یافتہ پی سی ایس افسران امریندر کمار ورما ، سنجے کمار پانڈے، شاداب اسلم، پرشانت کمار بھارتی، لالتا پرساد شاکیہ، جے پرکاش ارون کمار سنگھ، کنور پنکج، سشیل کمار گونڈ، اروند کمار سنگھ، ستیہ پرکاش سنگھ ، وویک کمارمشرا،ارون کمار یادو، راکیش سنگھ آزاد، بھگت سنگھ، کملیش سنگھ وغیرہ موجود تھے۔