پریس ریلیز :
یہ ریلی کسی ایک مخصوص شخص یا سیاسی پارٹی کے خلاف نہیں ہے ۔عالمی پیمانے پر ہورہی دہشت گردی اور شیعوں کے حقوق سے ان دیکھی کے خلاف ہوگی ریلی
لکھنؤ ۱۴/ اگست : حضرت گنج واقع امام باڑہ سبطین آباد میں ہوئی پریس کانفرنس میں امام جمعہ اور مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے بتایا کہ ۶ ستمبر کو ہونے والی شیعہ مہاریلی کسی ایک مخصوص فرد،یا سیاسی پارٹی یاکسی حکومت کے خلاف نہیں ہورہی ہے ۔کچھ لوگو ں کے ذریعہ یہ غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں کہ یہ ریلی ریاستی سرکار کے ایک کابینہ وزیر کے خلاف کی جارہی ہے یہ غلط ہے مولانا نے کہا کہ ایک چھوٹے آدمی کے لئے اتنی بڑی ریلی کرنا مناسب نہیں ہے ۔ ۔ہم یہ ریلی اس لئے کررہے ہیں کہ کچھ لوگ یہ کہتے ہیں کہ شیعوں کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں ہے ۔انکی تعداد بہت کم ہے اگر دوربین لیکر بھی دیکھاجائے تو شیعہ نظر نہیں آئیں گے ہم اس ریلی کے ذریعہ اپنی فردی طاقت کا مظاہرہ کریں گ
ے تاکہ ایسا کہنے والوں کو معلوم ہو کہ ہماری تعداد اتنی کم نہیں ہے کہ ہمارے حقوق کی ان دیکھی کی جائے اور ہمیشہ ہم کو ظلم کا نشانہ بنایا جائے۔
مولانا نے کہا کہ اس ریلی کے ذریعہ ہم شیعہ مسلک کے لوگوں کو بیدارکریں گے اور اپنی آواز ظلم کے خلاف بلند کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری ریلی پوری دنیا میں ہورہی دہشت گردی خاص طور پر اسرائیلی حملوں سے فلسطین میں مارے جارہے بے گناہ مسلمانوں،مصر و لیبیا و شام اور عراق میں بے گناہ بہ رہے عوام کے خون اور بے قصور لوگوں کے قتل اور ہمارے ملک ہندوستان میں ہورہے ظلم کے خلاف ۶ ستمبر کو تاریخی آصفی امام باڑہ پر (بڑا مام باڑہ ) بعد نماز ظہر۲ بجے دن میں ہوگی ۔مولانا نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ظلم اور دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کی ہے چاہے وہ ظلم دنیا کے کسی بھی کونے میں ہورہاہو ۔
اس ریلی میں شیعہ مسلک کے جائز حقوق اور انکے مسائل سے ہورہی ان دیکھی سے عوام کو آگاہ کیا جائیگا،مولانا نے بتایا کہ اس ریلی میں اتر پردیش کے علاوہ ملک بھر سے شیعہ مسلک اور ہر مذہب کے علماء اور عوام شریک ہورہے ہیں تاکہ عالمی سطح پر اتحاد اور بھائی چارہ کی مثا ل قائم کی جاسکے،ہم ہر مذہب کے رہنمائوں سے گفتگو کررہے ہیں چاہے وہ عیسائی ہوں ،جین ہوں ،سکھ ہوں یا کسی اور مذہب کے پیروکارہوں ۔اس ریلی میں صرف شیعہ علماء کم از کم ایک ہزار کی تعداد میں جمع ہو ں گے ابھی دیگر علماء سے رابطہ کیا جارہاہے ۔مولانا سید کلب جواد نقو ی نے عالمی پیمانے پر ہورہی دہشت گردی کے خلاف ہونے والی اس ریلی میں سبھی دھرم کے رہنمائوں اور عوام سے بڑی تعداد میں شریک ہونے کی اپیل کی ہے ۔