لکھنؤ(نامہ نگار)پوری کا ٹھیلہ لگانے والے ایک شخص سے بجلی کنکشن کے بدلے رشوت کا مطالبہ کرنے کے الزام میں لیسا کے جونیئر انجینئر کو انسداد بدعنوانی سیل کے افسران نے گرفتار کر لیا۔
ڈالی گنج یکہ اسٹینڈ سب اسٹیشن کے جے ای ہری اوم پر الزام ہے کہ اس نے راج کمار گپتا سے کنکشن کیلئے رشوت طلب کی تھی۔ راج کمار نے اس کی شکایت انسداد بدعنوانی افسران سے کی۔ افسران نے اپنا جال بچھایا اور جمعرات کو دوپہر بعد جونیئر انجینئر کو دوہزار روپئے لیتے ہوئے رنگے ہاتھ گرفتار کر لیا۔ دیر شام حسن گنج تھانہ
میں جے ای کے خلاف بدعنوانی ایکٹ کے تحت معاملہ درج کرا دیا گیا۔
ڈالی گنج کے راج کمار نے گذشتہ دنوں انسداد بدعنوانی سیل میں شکایت درج کرائی کہ یکہ اسٹینڈ بجلی گھر پر تعینات جونیئر انجینئر ہری اوم بجلی کنکشن کے بدلے ان سے رشوت مانگ رہے ہیں۔ راج کمار کے مطابق جونیئر انجینئر نے چھ ہزار روپئے مانگے لیکن وہ اتنی بڑی رقم دینے میں معذوری ظاہرکی۔ راج کمار ڈالی گنج علاقہ میں پوری کا ٹھیلہ لگاتا ہے اس کا کہنا تھا کہ اس نے ۲۰۱۱ء میں بجلی کا کنکشن لیا تھا لیکن محکمہ اسے تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے۔ کافی بحث کے بعد راج کمار دو ہزار روپئے دینے کو تیا رہوا۔ جمعرات کو پیسہ دینے کی بات طے ہوئی۔ دوپہر کو جب راج کمار نے پیسے دینے کی بات کہی تو جونیئر انجینئر نے پہلے اسے کپور تھلا بلایا۔
جب راج کمار مقررہ مقام پر پہنچا تو پتہ چلا کہ جونیئر انجینئر کپور تھلا سے نکل چکے ہیں اور وہ اہبرن پور اسٹورمیں ہیں۔ کچھ انتظار کے بعد جب راج کمار نے دوبارہ رابطہ قائم کیا تو جونیئر انجینئر نے کہا کہ وہ ورکشاپ میں اور انہیں وقت لگے گا۔ اگر وہ چاہے تو ورکشاپ آ سکتا ہے۔ لیکن بات نہیں بنی۔ تقریباً تین گھنٹے تک چلے اس ڈرامے کے بعد شام کو ہری اوم بجلی گھر پہنچے اور راج کمارکو بلایا۔
راج کمار نے بجلی گھر پہنچ کر جے ای ہری اوم کو پیسے نکال کر دیئے ہی تھے کہ پیچھے سے انسداد بدعنوانی سیل کے افسران نے چھاپہ مارا اور جونیئر انجینئر کو کیمیکل لگے روپیوں کے ساتھ پکڑ لیا۔ انسداد بدعنوانی سیل کے افسران کو دیکھ کر بجلی گھر کے ملازمین ادھر ادھر بھاگ کھڑے ہوئے۔ افسر جے ای کو حسن گنج تھانہ لے گئے جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا۔