لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کانگریس نے ایک بار پھر بھارتیہ جنتا پارٹی پر فسادات کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر فرقہ وارانہ سیاست کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ کانگریس کے ریاستی ترجمان ڈاکٹر ہلال احمد نے کہا کہ ریاستی حکومت کے سینئر وزیر شیو پال سنگھ یادو کی قیادت میں تشکیل جانچ کمیٹی کی سہارنپور واقعہ کے سلسلہ میں رپورٹ نے یہ بات ثابت کر دیا ہے۔ جانچ کمیٹی نے اتوار کے روز وزیر اعلیٰ کو اپنی جانچ رپورٹ سونپی تھی۔انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست میں ہونے والے فسادات کی خاص وجہ حکومت کی نااہلی اور انتظامیہ کی لاپروائی تھی۔ ڈاکٹر احمد نے کہا کہ ریاست میں جہاں جہاں ضمنی انتخابات ہونے ہیں فسادات وہیں پر ہونے ہیں۔ ان فسادات کے پس پشت سماج وادی پارٹی اور بی جے پی ووٹوں کے ذریعہ اپنی سیاسی روٹیاں سینکنے کا کام کر رہی ہیں۔ سہارنپور کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رپورٹ سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ وہ واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ راگھو
رتن لال کا اہم کردار رہا۔اسی کے ساتھ سہارنپور کے اس وقت کے ڈی ایم اور ایس ڈی ایم کا کردار بھی مشکوک رہا۔ انہوں نے کہاکہ اب وہاں ہوئے فسادات کی رپورٹ آچکی ہے۔ ایسے میں ریاست میں قانون اور انتظام و فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے فسادات کے قصوروار بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور انتظامیہ کے افسران کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔