لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ لکھنؤ ترقیاتی اتھارٹی نے جنشور مشر پارک سمیت متعدد پروجیکٹوں کا نامکمل تیاریوں کے درمیان افتتاح تو کرا لیا لیکن وقت ختم ہونے کے بعد بھی پروجیکٹ مکمل نہیں ہو سکا ہے۔ حکومت کی اہم ترجیحات والے پروجیکٹس میں مقررہ وقت پر کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے وزیر اعلیٰ نے ناراض ہوکر ذمہ دار افسران کی فہرست ایل ڈی اے سے طلب کی ہے۔ حکومت کے پاس فہرست پہنچنے کے بعد کن افسران پر کارروائی ہوگی اس سلسلہ میں سبھی افسر پس و پیش میں ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے ڈریم پروجیکٹ گومتی نگر توسیع اسکیم میں بنے جنیشور مشر پارک کا افتتاح تو نامکمل تیاریوں کے ساتھ کراکر ایل ڈی اے افسران نے اپنی پیٹھ تو تھپتھپا لی لیکن پارک کی تعمیر کی پیش رفت اب بھی بہت سست ہے۔ حالت یہ ہے کہ پارک کے افتتاح کے بعد بھی اسے عوام کیلئے نہیں کھولا جا رہا ہے۔ ریاست کی ترقی کیلئے بنے ترقیاتی ایجنڈا ۱۵-۲۰۱۴ کے مختلف پروجیکٹس کا جائزہ لیا جا رہا تھا۔ اس سلسلہ میں
جنشور مشر پارک اور جے پرکاش نرائن انٹر نیشنل سینٹر میں جون تک کئے گئے مختلف کاموں سے متعلق پیش رفت رپورٹ وزیر اعلیٰ کو دکھائی گئی تھی۔اس پر وزیر اعلیٰ نے تعمیراتی کام کی سست پیش رفت پر بے اطمینانی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے یہاں ہونے والے کاموں جاگنگ ٹریک، سائیکل ٹریک، پیڈسٹرین واک وے، واٹر باڈی، داخلہ کیمپس ، عوامی سہولتیں، لینڈ اسکیپنگ، بجلی کاری، آبپاشی بندوبست، فاؤنٹین ترقی سے متعلق کام ابھی زیر التوا ہیں۔ مذکورہ سبھی کاموں کو ترجیحی بنیاد پر جلد از جلد مکمل کرانے کی ہدایت وزیر اعلیٰ نے دی ہے۔ اس کے علاوہ ڈیزائننگ اور انڈر پاس کی تعمیر کا کام ابھی شروع بھی نہیں ہو سکا ہے۔ اسی طرح جے پرکاش نرائن بین الاقوامی کنونشن سینٹر کے قیام کے سلسلہ میں پیش رپورٹ پر وزیر اعلیٰ نے سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ یہاں گیسٹ ہاؤس بلاک، کنونشن سینٹر ، اسپورٹس بلاک اور میوزیم بلاک سے متعلق سبھی کام شروع ہی نہیں کئے گئے ہیں۔ اس کیلئے ایک مہینے کا وقت دیتے ہوئے تعمیراتی کام کی رپورٹ دینے کی ہدایت دی ہے۔ حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں ایل ڈی اے کے نائب صدر کو خط لکھا ہے۔