لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ناکہ علاقہ میں میرٹھ کے کاروباری وشال سے سال ۲۰۱۳ء میں سونے کی لوٹ کی واردات کو انجام دینے والے دو بدمعاشوں کو آخر کار پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے پاس سے ایک طمنچہ اور ایک چاقو برآمد کیا ہے۔ پکڑے گئے بدمعاشوں کا ایک ساتھی پہلے ہی خود کشی کرچکا ہے۔ وہیں ملزمین میں بجنور ضلع میں رہنے والا ایک دیگرساتھی ابھی فرار ہے اور پولیس اس کی تلاش میں سرگرم ہے۔
سی او راجیش شریواستو نے بتایا کہ حضرت گنج پولیس نے بدھ کی صبح مخبر کی اطلاع پر میرابائی گیسٹ ہاؤس کے پاس دو مشتبہ نوجوانوں کو پکڑا۔ تلاشی کے دوران ان کے پاس ایک طمنچہ اور ایک چاقو ملا ۔ تفتیش کی گئی تو دونوں ملزمین نے اپنا نام
سعادت گنج کا موہت چورسیا اور شیبو مرزا بتایا۔ پولیس نے جب دونوں سے سختی سے تفتیش کی تو دونوں نے ۲۰؍فروری ۲۰۱۳ء میں ناکہ کوتوالی سے کچھ دوری پر میرٹھ کے صرافہ کاروباری وشال جین سے دو کلو سونے کی لوٹ کی واردات انجام دینے کی بات قبول کی ہے۔ ڈیڑھ سال قبل صرافہ کاروباری سے لوٹ کی بات کا پتہ چلنے پر پولیس حرکت میں آگئی۔
پوچھ گچھ کے دوران ملزمین نے صرافہ کاروباری سے لوٹ کی دیگر تفصیل بتائیں۔ ملزمین نے بتایا کہ ان کے ساتھ لوٹ کی واردات میں للا نام کا ایک ساتھی شامل تھا۔ اس نے واردات کے کچھ دنوں بعد قمار بازی میں روپئے ہار جانے کی وجہ سے خود کشی کر لی تھی۔ لوٹ کی سازش بجنور ضلع کے ایک بدمعاش نے رچی تھی۔ جو کہ فرار ہے ،اب حضرت گنج پولیس فرار بدمعاش کی تلاش میں سرگرم ہے۔ سی او حضرت گنج نے بتایا کہ پکڑے گئے بدمعاش پہلے بھی کئی معاملوں میں جیل جا چکے ہیں اور وہیں ان کی للا سے ملاقات ہوئی تھی۔ پکڑے گئے بدمعاشوں نے لوٹے گئے سونے کے ٹکڑوں کو کاروباری کو فروخت کرنے کی بات بتائی ہے۔