نیو یارک۔22اگست(ےو اےن اےن)امریکی شہر نیویارک میں ایک جج نے لاطینی امریکی گلوکارہ شکیرا کے گانے ، ایل کاتا کےخلاف کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ ایل کاتا کی دنیا بھر میں 50 لاکھ سے زیادہ کاپیاں فروخت ہوئیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق کولمبیا سے تعلق رکھنے والی معروف گلوکارہ شکیرا نے اپنے گانے ، ایل کاتا میں ڈومینیکن رپبلک کے گلوکار راموس آریاس واسکوئس کے گانے کی بالواسطہ طور پر نقل کی ہے، ایل کاتا کو شکیرا نے ڈومنیکین رپبلک کے گلوکار ایڈون ایڈورڈ بیلو کے ساتھ ریکارڈ کیا تھا۔ نیویارک کی عدالت کے جج ہیلرسٹائن نے کہا کہ یہ گانا اگرچہ شکیرا نے بیلو کے گائے ہوئے گانے کی طرز پر بنایا تھا ، لیکن بیلو کا گانا اصل میں راموس آریاس کے گانے کی نقل تھا۔ بیلو نے آریاس کے گانے کی نقل کرنے سے انکار کیا ہے۔ اس گانے کو انگریزی میں بھی ریکارڈ کیا گیا تھا تاہم انگریزی نغمے کو مقدمے کی سماعت کے دوران ثبوت کے طور پر پیش نہیں کیا گیا۔ شکیرا کے اس گانے کو برطانیہ میں ریلیز نہیں کیا گیا تھا ، تاہم دنیا بھر میں اس کے 50 لاکھ سے زیادہ البم فروخت ہوئے اور اسے بل بورڈ میگزین کے بہترین لاطینی گانوں میں بھی شامل کیا گیا۔ راموس آریاس کا لکھا ہوا یہ گانا 1990 میں نشر کیا گیا تھا۔