لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ طے شدہ پروگرام کے تحت جمعرات کی صبح تقریباً دس بجے سیکڑوں صفائی ملازمین میونسپل کارپوریشن صدر دفتر پہنچے ۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے آئے صفائی ملازمین نے ۹ نکاتی مطالبات کے سلسلہ میں اترپردیش صفائی مزدور یونین کے ریاستی صدر این آر بالمیکی کی قیادت میں کارپوریشن صدر دفتر کے سامنے دھرنا و مظاہرہ شروع کر دیا۔ دھرنے و مظاہرے کی قیادت کر رہے ریاستی صدر این آر بالمیکی، ریاستی جنرل سکریٹری جگدیش پرساد بالمیکی نے مشترکہ طور پر بتایا سال ۲۰۱۳ء میں جھولے لال پارک میں ہوئی صفائی ملازمین کی ریلی میں ریاست کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے چالیس ہزار صفائی ملازمین کی بھرتی کیلئے جاری ہوئے سرکاری حکم پر ہوکارروائی ، سیور صفائی کے دوران ملازمین کی ہوئی اموات پر کنبہ کے وارثین کو فوری مالی امداد پانچ لاکھ روپئے ، مقامی کارپوریشنوں میں زیر ملازمت یومیہ تنخواہ ؍ ورک چارج ؍ٹھیکہ ؍ مستقل تنخواہ پر تقریباً پچیس برسوں سے ملازمت کر رہے ملازمین کو مستقل کیا جائے، ملازمین کی بیٹی کی شادی کیلئے بیس ہزار روپئے کی مدد دی جائے، انٹر پاس صفائی ملازمین کا پرموشن کیا جائے، میاں بیوی دونوں خدمات میں ہونے پر ایک شخص کی ملازمت کے دوران موت ہو جانے پر اس پر منحصرکو فوری نوکری دی جائ
ے، ٹھیکیداری رواج فوری ختم کیا جائے، سینیٹری؍ سپروائزر؍ صفائی نائک کے عہدے کلیکٹ کر کے بیٹ انچارج ؍سپروائزر صفائی ملازمین کی تقرری کی جائے، درج فہرست ذات کا فائدہ دیا جانے سمیت ۹ مطالبات ہیں۔ مطالبات پورے کرنے کیلئے انتظامیہ کو کئی مرتبہ تحریری مطالبہ کیا گیا لیکن مطالبات پورے نہیں ہوئے جس کیلئے صفائی مزدور یونین کے بینر تلے صفائی ملازمین کو دھرنا مظاہرہ کرنا پڑا۔ صفائی ملازمین کا دیر شام تک دھرنا و مظاہررہ جاری رہا۔ انہوں نے کہاکہ مطالبات پورے نہیں ہوئے تو ۱۱؍ستمبر سے ۲۳؍ستمبر تک صدر دفتر پر بھوک ہڑتال کی جائے گی۔
اترپردیش صفائی مزدور یونین کے ریاستی صدر این آر بالمیکی و جنرل سکریٹری جگدیش پرساد بالمیکی نے کہاکہ اگر بھوک ہڑتال کے بعد بھی مطالبات پورے نہ ہوئے تو صفائی ملازمین چوبیس ستمبر کو پوری ریاست میں کام بند کر کے ہڑتال پر چلے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نوٹس بھیج کر اس بات کی اطلاع ریاست کے مختلف اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ ، سٹی کمشنر اور ایگزیکٹیو افسران کو دی جائے گی۔
جمعرات کو میونسپل کارپوریشن صدر دفتر پر صفائی ملازمین کا منعقد دھرنے و مظاہرہ کے دوران اترپردیش صفائی مزدور یونین کا ایک نمائندہ وفد سابق شہر ترقیات سکریٹری سے گفتگو کرنے پہنچا لیکن دونوں مرتبہ نمائندہ وفد کومایوس ہوکر لوٹنا پڑا جس سے سابق سکریٹری سے گفتگو نہیں ہو سکی۔ اترپردیش صفائی مزدور یونین کے ریاستی صدراین آر بالمیکی و جنرل سکریٹری جگدیش پرساد بالمیکی کا کہنا ہے کہ سابق شہر ترقیات سکریٹری و او ایس ڈی ایس پی سنگھ سمیت دیگر افسران کے ساتھ یونین کے نمائندہ وفد کا جلسہ ہونا تھا۔ تحریری بلاوے پر دوپہر بارہ بجے نمائندہ وفد سابق شہر ترقیات سکریٹر ی کے پاس پہنچا لیکن ان کے نہ ملنے پر نمائندہ وفد واپس لوٹ آیا۔ دوبارہ دو بجے پھر نمائندہ ووفد بات چیت کیلئے پہنچا لیکن پھر ملاقات نہیں ہو سکی۔ بغیر بات چیت کے نمائندہ وفد پھر واپس لوٹ آیا۔ دھرنے میں کارگزار صدر رام پرساد بالمیکی، ریاستی نائب صدر بشن لال چودھری، انتظامیہ جنرل سکریٹری اشونی کمار بالمیکی، ریاستی خزانچی گنیش پرساد سمیت سیکڑوں صفائی ملازمین موجود تھے۔