نئی دہلی، 22 اگست (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے عوام کی روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے آئی آئی ٹی طلبہ کو نئے ایجادات کرنے کا مشورہ دیا ہے۔مسٹر مودی نے آج یہاں راشٹرپتی بھون میں آئی آئی ٹی کے صدور اور ڈائرکٹروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سائنس عالمگیر ہے تاہم ٹکنالوجی مقامی ہونی چاہئے۔ اجلاس کا افتتاح صدر نے کیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب راشٹرپتی بھون میں آئی آئی ٹی کے ڈائرکٹروں اور صدور کی میٹنگ ہو رہی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ آئی آئی ٹی کے طلبہ کو عوام کی مقامی ضروریات سے متعلق پروجیکٹ دیئے
جانے چاہئیں تاکہ وہ ان کی روزمرہ کی ضروریات اور مسائل کو حل کر سکیں۔
مسٹر مودی نے کہاکہ ایسا کرنے سے لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا اور اس طرح ملک و قوم کی خدمت بھی ہوسکے گی۔ انہوں نے کہاکہ آئی آئی ٹی کے ہونہار طلبہ اپنی تعلیم کے دوران یہ ایجادات کر سکتے ہیں۔انہوں نے کئی مثالیں دیتے ہوئے کہاکہ ہندستان اب بھی درآمد پر منحصر ہے۔ چاہے وہ دفاعی ساز و سامان ہوں یا طبی یا پھر آنسو گیس جیسے حفاظتی سامان۔وزیراعظم نے کہاکہ وہ اس بات کو نہیں مان سکتے کہ ہندستانی طلبہ کے پاس ایسی صلاحیت نہیں کہ وہ یہ سامان نہ بنا سکیں۔ انہوں نے کہاکہ آج آئی آئی ٹی کے سامنے یہ ایک چیلنج کی طرح ہے۔