نئی دہلی (بھاشا)۔ زرعی لاگت اور قیمت کمیشن (سی اے سی پی)نے گنا پیرائی سیشن ۱۶۔۲۰۱۵ء (اکتوبر سے ستمبر) کیلئے گنے کی مناسب اور فائدہ مند قیمت (ایف آر پی) ۲۳۰روپئے فی کونٹل طے کی ہے ۔ سی اے سی پی ایک آئینی ادارہ ہے جو حکومت کو مخصو
ص زرعی مصنوعات کے کم سے کم قیمت کے بارے میں صلاح دیتا ہے ۔
اس نے وزارت غذا اور رسد کوکل اپنی رپورٹ سونپی ہے۔ سی اے سی پی کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ کمیشن نے مشورہ دیا ہے کہ ۱۶۔۲۰۱۵ء کے لئے گنے کاایف آر پی ۲۳۰روپئے فی کونٹل مقرر کیا جانا چاہئے ۔جواس سال کے مقابلے دس روپئے زیادہ ہے ۔ حکومت نے اکتوبر سے شروع ہونے والے ۱۵۔۲۰۱۴ء کے لئے گنے کی قیمت ۲۲۰روپئے طے کی ہے ۔ جبکہ ۱۶۔۲۰۱۵ء کے لئے سی اے سی پی کی ایف آرپی سے متعلق رپورٹ کے جائزے کااعلان آئندہ سیشن میں کیا جائے گا۔ اس رپورٹ میں سی اے سی پی نے ۵ء ۹فیصد شکر رکوری والے گنے کے لئے ۲۳۰روپئے فی کونٹل کی شرح کا مشورہ دیا ہے ۔ ۵ء ۱۰ فیصد شکر دینے والے گنے کی ایف آر پی ۲۴۳روپئے فی کوئنٹل رکھنے کی سفارش کی ہے ۔ ایف آر پی وہ کم سے کم شرح ہوتی ہے جو ملوں کے لئے قانونی طور پرلازمی ہے ۔حالانکہ ریاستی حکومتوں کواس کے اوپراپنی جانب سے ریاستی قیمت کااعلان کرنے کی چھوٹ ہوتی ہے ۔ مل مالکان ایف آر پی کے اوپر کتنی بھی قیمت طے کرسکتے ہیں ۔ نقل وحمل کی لاگت سمیت گنے کی پیداوار کی لاگت کی بنیاد پرگنا کسانوں کے منافع کو پیش نظر رکھ کر ایف آر پی طے کی جاتی ہے۔