لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ بے گناہ فلسطینیوں پر ہو رہے اسرائیلی حملوں کے خلاف جمعہ کوتحریک عمر سوسائٹی کی جانب سے حضرت گنج واقع ہندی سنستھان سے جی پی او تک امن مارچ نکالا گیا۔ مارچ میں مختلف تنظیموں کے عہدیداران نے شامل ہوکر اسرائیلی دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
مظاہرین اپنے ہاتھوں میں اسرائیلی اشیاء مخالف اور اسرائیلی مخالف تختیاں لئے ہوئے ت
ھے۔ جی پی او پارک میں سوسائٹی کے صدر مولانا سعید اطہر قاسمی نے کہا کہ اسرائیل جس طرح فلسطینیوں پر بمباری کر رہا ہے وہ کھلی دہشت گردی ہے۔ اسرائیلی بمباری میں ہزاروں بے قصور عورت و مرد کی جانیں گئیں یہاں تک کہ اسرائیل نے اسکولوں ، اسپتالوں اور رہائش گاہوں پر وحشیانہ بمباری کی۔ انہوںنے مسلم ممالک کی خاموشی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ اقوام اور حقوق انسانی تنظیموں نے بھی فلسطین کے معاملہ میں صحیح کردار نہیں ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے فلسطین پر ہو رہے حملوںکے خلاف مذمت کی تجویز بھی نہیں منظور کی اور نہ ہی اسرائیلی حکومت کے خلاف ایک لفظ کہا۔
انہوں نے کہا کہ تنظیم مطالبہ کرتی ہے کہ مرکزی حکومت اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرے اور اسرائیلی سفارتخانہ بند کرکے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے اور فلسطین کے ساتھ ہمدردی ظاہر کرے۔
مظاہرین کو سوشلسٹ فرنٹ کے صدر محمد آفاق، اسمارٹ پارٹی کے صدر شہزادے منصور نے تنظیم کے مطالبات کی حمایت کی۔ مظاہرین کو نیشنل لیگ کے صدر اور مسلم سماج پریشد کے صدر محمد شعیب، عارف مرتضیٰ، فیضان محمد، فیروز عالم، محمد فہد، مولانا خالد ندوی، عثمان علی سمیت دیگر لوگوں نے بھی خطاب کیا۔