بھگدڑ میں 60 سے زیادہ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں
بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک مندر میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم دس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کو ضلع ستنا کے علاقے چترکوٹ میں واقع کامتاناتھ مندر میں پیش آیا ہے۔
پولیس کے انسپکٹر جنرل پون شری واستوو نے دس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق اس واقعے میں 60 سے زیادہ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ سوم وتی اماوسيا کے موقع پر منگل کی صبح ہزاروں یاتری کامدگری کی پہاڑی پر واقع مندر میں موجود تھے کہ صبح چھ بجے کے آس پاس مرکزی دروازے کے قریب اچانک بھگدڑ مچ گئی۔
بھگدڑ کی وجوہات کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔ تاہم آئی جی پون شری واستوو کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مندر کے قریب بجلی کے تار میں آگ لگی اور وہ لوگوں پر جا گرے جس کی وجہ سے لوگوں میں دہشت پھیل گئی اور وہ بھاگنے لگے۔
خیال رہے کہ بھارت میں مذہبی تہواروں کے موقع پر مندروں میں بھگدڑ مچنے کے واقعات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں۔
گذشتہ سال مدھیہ پردیش ہی کے ضلع دتيا میں ایک مندر میں ایسے ہی ایک واقعے میں 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔