لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ خواتین، طلباء، نوجوانوں و کاشتکاروں کے مسائل پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس کیلئے پارٹی سڑک سے لیکر پارلیمنٹ تک جدو جہد کرے گی۔ مرکزی حکومت کی تین مہینے کی مدت مکمل ہو گئی لیکن ابھی تک ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا کہ جس سے لگے کہ حکومت اچھا کام کر رہی ہے۔ مذکورہ خیال اتوار کو جنتا دل یونائٹیڈ پارٹی کے مرکزی صدرو رکن پارلیمنٹ شرد یادو نے ظاہر کئے۔ پارٹی دفتر پر منعقد کارکنان کے جلسہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے مرکزی صدر شرد یادو نے کہا کہ جنتا دل یونائٹیڈ ایمانداروں کی پارٹی ہے
۔ پارٹی بدعنوانی کے خلاف لڑائی لڑتی رہی ہے۔ پارٹی نے پارلیمنٹ میں بدعنوانی کے خلاف سب سے زیادہ آواز اٹھانے کا کام کیا ہے جس کے نتیجہ میں کانگریس کے سابقہ بڑے لیڈران کو جیل جانا پڑا۔ انہوں نے کارکنان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ مایوس ہونے کی ضرور نہیں ہے مرکزی قیادت ریاست کے کارکنان پر توجہ دیتی رہے گی ۔گنا کسانوں کے مسائل بہت ہی سنگین ہیں، کمنیوں نے حکومت سے روپئے لے لئے لیکن کسانوں کو اس کی ادائیگی نہیں کی۔ کمپنی نے کسانوں کا پورے روپئے ہضم کر لئے۔ انہوںنے کہا کہ ریاست میں کسانوں ، نوجوانوں، طلباء، خواتین، مہنگائی، خشک سالی اور سیلاب کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس کے خلاف ریاست بھر سے پارٹی کارکنان ریاستی صدر کی قیادت میں ۱۱؍اکتوبر کو اسمبلی کے سامنے مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ۱۱؍اکتوبر کو کارکنان اسمبلی کا گھیراؤ کرکے لوک نائک جے پرکاش نرائن کی یوم پیدائش منائیں گے۔ اس موقع پر پارٹی صدر سریش نرنجن بھیا نے کہا کہ ۱۱؍اکتوبر کے پروگرام کو پارٹی کے مرکزی صدر شرد یادو کی رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے موجود لوگوں سے اس پروگرام کو اعلیٰ سطح پر کامیاب بنانے اپیل کی۔ جلسہ کو پارٹی کے مرکزی جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے رہنما اور عہدیداران سمیت سیکڑوں کارکنان موجود تھے۔