لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ چنہٹ میں گزشتہ کئی دنوں سے بجلی کی آمد و رفت سے پریشان لوگوں نے اتوار کی دوپہر چنہٹ بجلی سب اسٹیشن کا گھیراؤ کیا۔ ناراض لوگوں نے سوئچ یارڈ میں پہنچ کر فیڈر بھی بند کر دیئے جس کے سبب سب اسٹیشن سے بجلی سپلائی نظام ٹھپ ہو گیا۔ معاملہ کو بگڑتا دیکھ کر بجلی ملازمین نے اس کی اطلاع اعلیٰ افسران کو دی۔ موقع پر پہنچے افسران نے جلد بجلی سپلائی درست کرانے کی یقین دہانی کراکر ہنگامہ خاموش کرایا۔ چنہٹ بجلی سب اسٹیشن پر ان کمنگ فیڈر نمبر تین میں زیادہ لوڈ کے سبب ہمسٹی پارٹ-۱، ہند سٹی، گنیش پور، رحمان پور و آس پاس کے علاقوںمیں ایک ہفت
ے سے عوام کم وولٹیج و بجلی تخفیف سے پریشان ہیں۔ اتوار کی دوپہر مذکورہ علاقوں کے درجنوں لوگ جمع ہوکر سب اسٹیشن پہنچے اور ہنگامہ کرتے ہوئے گھیراؤ کر دیا۔بجلی ملازمین نے اس کی اطلاع گومتی نگر توسیع کے ایگزیکٹیو انجینئر شیلیس گپتا اور چنہٹ کے سب اسٹیشن افسر انشمن یادو کو دی۔ اطلاع پاکر موقع پر انجینئر شیلیش گپتا و ایس ڈی او انشومن یادو پولیس کے ساتھ پہنچے۔ جلد ہی بجلی سپلائی ٹھیک کرنے کی یقین دہانی کراکر ہنگامہ کر رہے لوگوں کو خاموش کرایا۔ پی جی آئی علاقہ میں شدید گرمی میں بجلی تخفیف کے سلسلہ میں سنیچر کی نصف شب لوگوں نے اتریٹھیا پاور ہاؤس پر ہنگامہ کیا۔ اس دوران ناراض لوگوں نے جم کر ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی۔
ریاست میں بجلی تخفیف کے ساتھ سروجنی نگر ٹرانس میشن سب اسٹیشن سے ۱۰۰؍ایم وی اے پاور ٹرانسفارمر سے بند ہوئی بجلی سپلائی کے سبب پورے شہر کی بجلی سپلائی بری طرح متاثر رہی۔
شہر کے تقریباً سبھی علاقوں میں اتوار کو بھی بجلی تخفیف کر کے صورتحال کو معمول پر لانے کی کوشش کی گئی۔ ۷۰ گھنٹے کی تخفیف جھیل رہے گوسائیں گنج کے لوگوں کی بجلی کی لڑائی علاقائی رکن پارلیمنٹ کوشل کشور لڑیں گے۔ مسٹر کشور بجلی بحران کے سلسلہ میں ۲۸؍اگست کو مقامی سب اسٹیشن پر دھرنا دیں گے۔