لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ پی جی آئی علاقہ میں رہنے والے ایک انٹر کے طالب علم کی مشتبہ حالات میں زہریلی چیز کھانے سے موت ہو گئی۔ پولیس کا ماننا ہے طالب علم نے زہریلی چیز کھاکر خود کشی کی ہے۔ سی او کینٹ ببیتا کینٹ نے بتایا کہ لونگا کھیڑا میں رہنے والے محکمہ آبپاشی میں ڈرائیور وشرام راوت کا ۱۸ سالہ بیٹا رستم راوت انٹر کا طالب علم تھا۔ رستم پڑھائی کرنے کے ساتھ ہی فنکس مال میں بطور سیلس مین بھی کام کرتا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ سنیچر کی رات وہ اپنے بھائی کے ساتھ سو رہا تھا۔ رات تقریباً ۳ بجے اچانک اس کی طبیعت خراب ہو گئی۔ گھر کے لوگ اسے علاج کیلئے سول اسپتال لیکر پہنچے جہاں سے اس کو ٹراما سینٹر بھیج دیا گیا۔ ٹراما سینٹر میں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ اس کے بعد گھر والے اس کی لاش کو گھر لے کر آئے۔ پی جی آئی پولیس کو اطلاع ملی کہ رستم نے زہریلی چیز کھاکر خودکشی کر لی ہے۔