لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ چوک پولیس نے گزشتہ دیر شب سمپت نامی شخص کو گرفتار کیا جو چوک صرافہ بازار میں رہ کر سونے میں روتھینیم پاؤڈر ملاکر زیور تیار کرتا تھا۔ سمپت آبائی طور پر مہاراشٹر کا رہنے والا ہے۔ پولیس نے پوچھ گچھ کی تو اس نے بتایا کہ یہ پاؤڈر وہ دہلی کے ایک شخص سے لیتا ہے۔ ملزم پر سنگین دفعات میں مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا گیاہے۔ انسپکٹر چوک نے بتایا کہ گزشتہ چند مہینوں سے سونے میں پاؤڈر ملانے کی شکایت آرہی تھی۔ انہوں نے
یہ بھی بتایا کہ اس ملاوٹی دھندے میں چوک کے ہی کچھ تاجر شامل ہیں اور سونے میں پاؤڈر ملاکر تیار کرنے والے شخص کو پناہ دیئے ہوئے ہیں۔ پولیس نے خفیہ طور سے تحقیقات کی اور ملزم کو سنیچرکی دیر شب کھتری مارکیٹ کی تیسری منزل سے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ پوچھ گچھ میں اس کی شناخت آبائی طور سے مہاراشٹر کے باشندے سمپت کرشن بھوسلے کے طورپر ہوئی ہے۔
لکھنؤ میں کھتری مارکیٹ میں کرائے پر رہتا تھا۔ تلاشی میں اس کے پاس سے ایک ڈبا ملا جس میں پالی تھین میں پاؤڈر تھا۔ سمپت نے بتایا کہ یہ روتھینیم پاؤڈر ہے جسے وہ بڑی ہوشیاری سے سونے میں ملاکر زیورات تیار کرتا تھا جس سے سونے کا وزن بڑھ جاتا ہے اور سونے کی کھپت کم ہوتی ہے۔
معمولی جانچ میں اس چوری کو آسانی سے کوئی پکڑ بھی نہیں سکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پاؤڈر صحت کیلئے مضر ہے اور کینسر جیسی بیماری کو دعوت دیتا ہے۔