لکھنؤ(نامہ نگار)کاکوری پولیس نے تین گاڑی چوروں کو گرفتار کر تے ہوئے ان کے قبضے سے چوری کی چھ موٹرسائیکلیں برآمد کی ہیں۔ گرفتار کئے گئے دو چور بی اے کے طالب علم بتائے جا رہے ہیں۔ یہ لوگ کم وقت میں زیادہ رقم حاصل کرنے کی آرزو میں گاڑیاں چوری کرتے تھے۔ دریں اثناء کرشنا نگر پولیس نے بھی آج ایک گاڑی چور کو گرفتار کیا۔ جس کے قبضے سے چوری کی دو
موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں۔
اس سلسلہ میں ایس پی دیہات حبیب الحسن نے بتایا کہ اتوار کے روز کاکوری پولیس نے بڑاگاؤں کے نزدیک دو موٹرسائیکلوں پر سوار تین مشتبہ نوجوانوں کو دیکھا۔ پولیس نے انہیں روکا اور گاڑی کے کاغذات طلب کئے۔ اس پر موٹرسائیکل سوار نوجوان کوئی بھی پیپر نہیں دکھا سکے۔ شبہ ہونے پر پولیس نے جب ان لوگوں سے سختی سے پوچھ گچھ شروع کی تو نوجوانوں نے قبول کیا کہ دونوں موٹرسائیکلیں چوری کی ہیں۔ پوچھ گچھ میں تینوں نے اپنانام کاکوری کے رہنے والے روی کمار ، رتیش اور رنکو بتایا۔ اس کے بعد پولیس نے ان لوگوں کی نشاندہی پر چوری کی چار دیگر موٹرسائیکلیں بھی برآمد کیں۔ ملزم روی بی اے سال اول اور رتیش سال دوم کا طالب علم بتایاجا رہا ہے جبکہ ملزم رنکو بے روزگار بتایا جارہا ہے۔ انسپکٹر کاکوری مکھرام یادو نے بتایا کہ تینوں نوجوان میرج ہال اورشادی تقاریب سے موٹرسائیکل چوری کیا کرتے تھے۔ اس کے بعد یہ دیہات کے علاقوں میں انہیں فروخت کر دیا کرتے تھے۔ ملزم نوجوان پہلی مرتبہ پولیس کی گرفت میں آئے ہیں۔
دوسری جانب کرشنا نگر پولیس کی ایک ٹیم نے جانچ کے دوران کیسری کھیڑا پھاٹک کے نزدیک ایک موٹرسائیکل سوار نوجوان کو گرفتار کیا۔ پولیس نے جب اس سے موٹرسائیکل کے کاغذات طلب کئے تو وہ ایک بھی پیپر دکھانے سے قاصر رہا۔ شبہ ہونے پر پولیس نے جب اس سے سختی سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے بتایا کہ کچھ دن قبل اس نے موٹرسائیکل مانک نگر علاقہ سے چوری کی تھی۔ اس کے بعد پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر ڈوڈا کالونی میں چھپا کر کھڑی کی گئی ایک دیگر موٹرسائیکل بھی برآمد کی۔ پولیس تفتیش میں ملزم نے اپنا نام کرشنا نگر کا رہنے والا گووند یادو عرف چھوٹو بتایا۔