رامپور (نامہ نگار)محکمہ تعمیرات عامہ، آبپاشی ،آبی وسائل وکوآپریٹیو محکمہ کے ریاستی وزیرشیوپال سنگھ یادو نے آج رضا انٹرکالج میں ریاستی کابینہ کے پارلیمانی اموراورشہری ترقیات کے وزیرمحمد اعظم خا ں کے ساتھ مہاقرض میلہ وترقیات نمائش میں مہمان خصوصی طورپر شرکت کی۔ میہمان خصوصی میں ۸۲طلباء طالبات کو لیپ ٹاپ دئے۔اس موقع پر ۱۲۲؍کروڑ ۳۱؍لاکھ ۳۷ہزار کی رقم مختلف منصوبوں کے تحت تقسیم کی گئی ۔بینکوں کے ذریعہ مستفیدین کو ۱۲۰؍کروڑ ۹۰لاکھ کا قرض تقسیم کیا گیا۔کاشت کاربیمہ اسکیم کے تحت ۱۸؍کسانوں کے کنبوںمیں ۹۰لاکھ روپئے
کی رقم،وزیراعلیٰ امدادی فنڈ سے چارلوگوں میں۳لاکھ ۲۰؍ہزار روپئے ۲۱۳ضرورت مندوں میں چیک تقسیم کئے گئے۔ریاستی وزیرنے مستفیدین سے گفتگو کے دوران انھیں رقم کے صحیح استعمال کرنے کی صلاح دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت ہمیشہ مستفیدین کے ترقی کیلئے پابندے عزم ہے۔ مہمان خصوصی کے طورپر ریاست کے وزیرشیوپال سنگھ یادو نے کہا کہ پارلیمانی امور وشہری ترقیات کے وزیراعظم خان کی کوششوں سے مختلف اسکیمیں غریب ،کسانوں کیلئے رامپور میں نافذکی جارہی ہے۔ ضلع انتظامیہ کے ذریعہ سستی شرح سود پر فائدہ پہنچانے کیلئے جو کوششیں کی جارہی ہیں وہ قابل ستائش ہیں جس سے رامپور ضلع کی ترقی ہوگی انھوں نے کہا کہ ایس پی حکومت کو جب جب اقتدار حاصل ہوا ہے اس نے تمام طبقوں کیلئے کام کئے ہیں انھوں نے کہا کہ وزیرشہری ترقیات نے رامپور کو بہت کچھ دیا۔مسٹریادو نے کہا کہ کرسی پر جلد ہی بیراج تعمیر کیا جائے گا۔ اوریہاں کی جوسڑکیں خستہ حال ہیں انھیں تعمیر کیاجائے گا۔ریاستی وزیرنے شہری ترقیات کے وزیرکے ذریعہ پیش کی گئی تجاویز کو منظورکر تے ہوئے کہا کہ ترقی کاموں کیلئے پیسے کی کمی نہیںہونے دی جائے گی۔انھوں نے ضلع مجسٹریٹ رامپور سی پی ترپاٹھی کی بھی تعریف کی ریاستی کابینہ کے پارلیمانی امور،شہری ترقیات کے وزیر اعظم خان نے اپنے صدارتی خطبہ میں محکمہ تعمرات عامہ،پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادواوروزیراعلیٰ اکھلیش یادو کے ساتھ اپنے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تینوں کا رامپور سے بہت اہم رشتہ ہے۔ رامپور پر ان کے بہت سے احسانات ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ایس پی حکومت ضرورت مند افراد کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پابند عزم ہے۔مسٹرخان نے میلے کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعہ رامپور کے بے روزگار ہنرمند لوگوںکو آگے بڑھنے کا موقع ملے گاانھوں نے یقین دلایا کہ تمام لوگوںکے تعاون سے ریاست اورضلع کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں رہے گا۔اس موقع پر ریاست کے وزرانے ذرائع ابلاغ کے نمائند وں سے بھی گفتگوکی۔تقریب میں رکن اسمبلی واوقاف ترقیات کارپوریشن کے صدر عابدرضا خان، رکن اسمبلی شاہ آباد، وجے سنگھ ، سابق اقلیتی کمیشن کے رکن نصیر خان صدر ضلع پنچایت عبدالسلام ، میونسپل بورڈ اظہر خان اورچیئر میں ضلع کوآپریٹیوبینک سلیم خان کے علاوہ ضلع مجسٹریٹ سی پی ترپاٹھی ، خصوصی ترقیات افسرامت کشور اورایس پی سمیت ضلع کے تمام افسران موجود تھے۔