لکھنؤ ۔ (نامہ نگار) مکان کی فرضی رجسٹری کرکے ایک دکان دار سے چار لاکھ روپئے کی ٹھگی کرنے والے جعلساز کو ٹھاکر گنج پولیس نے گرفتار کیا ہے ۔ ملزم مکان فروخت کرنے کا کام کرتاہے ۔ اس سلسلے میں ایس او ٹھاکر گنج سمر بہادر یادو نے بتا یا کہ ٹھاکر گنج سرائے مالی خاں کے رہنے والے بجلی دکاندار نیرج سکسینا کی گذشتہ سال سعادت گنج چوپٹیاں کے رہنے والے محمد اعظم انصاری سے ایک مکان خرید وانے کی بات ہوئی تھی ۔ اعظم نے دکان دار کا ایک مکان بھی دکھایا جو اسے پسند آگیا ۔ اس نے چار لاکھ روپئے بطور ایڈوانس بھی دے دیئے ۔رقم لینے کے بعد اعظم نے دکان دار نے
مکان کی رجسٹری بھی کردی ۔ رجسٹری کئے جانے کے کچھ عرصے کے بعد دکاندار کو پتہ چلا کہ اعظم نے مکان جو رجسٹری کرائی تھی وہ فرضی ہے ۔ اس پر دکان دار نے شکایت کرتے ہوئے اعظم سے اپنے چار لاکھ روپئے واپس کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اعظم نے دکان دار کو ادھر ادھر کی باتوں میں پھنسا کر بہانے بازی کرنے لگا ۔ وقت گزرتا گیا لیکن اعظم نے دکان دار کو رقم واپس نہیں کئے ۔ آخر کا ر دوکاندار نے ملزم کے خلاف ٹھاکرگنج تھانہ میں دھوکا دہی اور جعلسازی کی رپورٹ درج کرائی ۔ پولیس نے جب تفتیش شروع کی تو دھوکہ دہی کا الزام صحیح پایا گیا۔ اسکے بعداتوار کو رات میں ملزم اعظم کو گرفتار کرلیا۔