لکھنؤ۔ چنہٹ پولیس نے کل دیر رات دو شاطر گاڑی چوروں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے چوری کی تین موٹر سائیکلیں برآمد کیں جبکہ ایک چور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ایس پی ٹی جی حبیب الحسن نے بتایا کہ چنہٹ پولیس نے کل دیر رات ملہور ریلوے اسٹیشن کے قریب چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ نوجوانوں کو دیکھ کر انہیں روکنے کی کوشش کی ۔ پولیس کو دیکھ کر موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھا ہوا شخص فرار ہو گیا جبکہ موٹر سائیکل چلانے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے جب نوجوان سے موٹر سائیکل کے پیپر دکھانے کو کہا تو اس کے پاس پیپرنہیںملے۔ سختی سے پوچھ گچھ کرنے پر نوجوان نے بتایا کہ جس موٹر سائیکل پر وہ سوار ہے وہ چوری کی ہے۔ ملزم نے اپنا نام چنہٹ بڑی مسجد کا باشندہ فرید بتایا۔ پولیس نے فرید کی نشاندہی پر چوری کی ایک دیگر موٹر سائیکل بھی برآمد کی ۔ فرید نے اپنے ساتھی کا نام بارہ بنکی کا باشندہ ببلو بتایا۔ اس کے علاوہ سنیچر کی رات کو چنہٹ پولیس نے مٹیاری چوراہے کے قریب سے ایک موٹر سائیکل سوار کار چوری کرنے والے چنہٹ کے ہی باشندے سنیل کمار کو گرفتار کر لیا۔