لکھنؤ۔ سماجو ادی پارٹی کی سماجی انصاف اور ۱۷ پسماندہ ذاتوں کی ادھیکار یاترا آج دوسرے دن بھی جارہی رہی۔ پسماندہ طبقوں کے وقار، اتحاد اور ان کے مفادات کی حفاظت کے تئیں بیداری پیدا کرنے کیلئے سماجوادی پارٹی کی رتھ یاترائیں اپنے دوسرے مرحلہ میں پہنچ گئی ہے۔ پارٹی کے ریاستی ترجمان اور جیل محکمہ کے وزیر راجندر چودھری نے پارٹی دفتر سے جھنڈی دکھا کر ادھیکار یاترا ریلی کو روانہ کیا تھا۔ راجندر چودھری کے مطابق ۱۷ حد سے زیادہ پسماندہ ذاتوں کی ادھیکار رتھ یاترا آج فتح پور سے روانہ ہوکر کوشامبی، سینی، کھاگا، مرد گنج ہوکر الہ آباد پہنچی۔ سماج وادی پسماندہ طبقہ سیل کے کوآرڈینیٹر گایتری پرساد پرجاپتی اور ماہی پروری کارپوریشن کے صدر ڈاکٹر راج پال کشیپ نے یاترا کے دوران عوامی جلسوں کو خطاب کیا اور کہا کہ حدسے زیادہ پسماندہ ذاتوں میں اب بیداری پیداہو گئی ہے اور ان کے حقوق کو نظر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔ بی ایس پی نے انہیں دھوکہ دیا ہے اور کانگریس و بی جے پی بھی اس میں شامل تھیں۔ سماجک نیائے رتھ یاترا کی قیادت سماجوادی پسماندہ طبقہ سیل کے صدر نریش اتم ایل ایل سی اور رام آسرے وشوکرما صدر ریاستی پسماندہ طبقہ کمیشن کر رہے ہیں۔ شراوستی سے شروع ہوکر بلرامپور، تلسی پور اور بڑھنی ہوتے ہوئے یاترا سدھارتھ نگر پہنچی۔ دوسرے دن کی یاترا ایک جلسہ عام کے ساتھ ختم ہوئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ہیرا ٹھاکر، انیس منصوری، ڈاکٹر فدا حسین انصاری اور ایس پی یادو نے جلسہ کو خطاب کیا۔