لکھنؤ(بیورو)آکانکشا سمیتی کی ریاستی صدر اور چیف سکریٹری کی اہلیہ مسز سربھی رنجن نے کہا ہے کہ آکانکشا سمیتی اپنے اخراجات پر ۵۰۰ لڑکیوں کو جوڈو کراٹے (مارشل آرٹ) کی مفت تربیت دلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جرائم سے بچنے کے لئے خواتین کو اپنی آواز بلندکرنی
چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیاں آکانکشا سمیتی کے ذریعہ مارشل آرٹ کی مفت تربیت حاصل کرکے چھیڑ خانی کرنے والے غنڈوں کا منھ توڑ جواب دیں ۔ انہوں نے کہاکہ خواتین خود اعتمادی اورقوت کے ساتھ آگے بڑھیں تاکہ ریاست اور ملک کی اور زیادہ ترقی ہوسکے۔
مسز سربھی رنجن آج آکانکشا سمیتی کے زیراہتمام سی ایم ایس گومتی نگر (توسیع) کے آڈیٹوریم میں خواتین کے تحفظ اور بیداری کے موضوع پر منعقد ورکشاپ میں اپنے خیالات کا اظہار کررہی تھیں۔ ورکشاپ کا افتتاح مسز رنجن نے شمع روشن کرکے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آکانکشا سمیتی لڑکیوں کے تحفظ کیلئے بیحد سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آکانکشا سمیتی غریب اور بے سہارا بچوں کو خود کفیل بنانے کیلئے خود روزگار مہیا کرانے سے متعلق کمپیوٹر اور دیگر تکنیکی تربیت مفت مہیا کرارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یتیم خانوں کے بچوں کو ضروری سہولیات اور مفت طبی سہولت وغیرہ بھی فراہم کرائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نربھیا واقعے کے بعد خواتین کے تحفظ کیلئے متعدد نئے قانون وضع کئے گئے ہیں۔ آکانکشا سمیتی کی سکریٹری ڈاکٹر شبھرا متل نے کہا کہ تنظیم کی صدر سربھی رنجن نے محض تین ماہ کے اندر آکانکشا سمیتی کو نئی سمت دی ہے ۔