کراچی۔ پاکستانی اسپنر سعید اجمل پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا، بولنگ ایکشن کلیئر نہ ہونے کی صورت میں کئی ماہ تک کرکٹ سے دور رہنا پڑ سکتا ہے۔برسبین میں ٹیسٹ دینے کے بعد وہ کولمبو پہنچ رہے ہیں اور تیسرے ون ڈے کیلئے دستیاب ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا سے پہلے ٹیسٹ میں میچ آ فیشلز نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کی رپورٹ کی تھی، انھیں جانچ کیلیے آ سٹریلیا جانا پڑا، ذرائع نے بتایا کہ آ ئی سی سی ان دنوں مشکوک ایکشن کے حامل بولرز کیخلاف کریک ڈاؤن کر رہی ہے، گذشتہ کچھ عرصے کے دوران جس بولر کی بھی رپورٹ ہوئی وہ پابندی کا شکار ہوا، حالیہ کیسز دیکھتے ہوئے سعید اجمل بھی سنگین خطرے کی زد میں ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر اسپنر کی کسی مخصوص گیند جیسے’’دوسرا ‘‘ پر اعتراض ہوا تو پھر کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، وہ اس سے اجتناب برت کر کرکٹ کھیلتے رہیں گے لیکن ایک سے زائد ڈیلیوریز پر شک کی صورت میں پابندی عائد ہو جائے گی،اس صورت میں انھیں 2،3 ماہ تک بولنگ ایکشن میں تبدیلی کی کوشش کے بعد خود کو دوبارہ ٹیسٹ کیلیے پیش کرنا ہوگا۔ سعید اجمل برسبین میں ایکشن کی جانچ کے بعد دوبارہ کولمبو پہنچ رہے ہیں، وہ سری لنکا سے تیسرے ون ڈے کیلئے دستیاب ہونگے، میچ ہفتے کو دمبولا میں شیڈول ہے۔