لکھنؤ۔ وکاس نگر سیکٹر پانچ کے باشندے کے گھر میں ہائی وولٹیج کے سبب آگ لگنے کی جانچ اب بجلی تحفظ ڈائریکٹریٹ کے افسران کریں گے۔ لیسا انجینئروں کے ذریعہ کی گئی جانچ میں اس بات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اس نے یا تو کٹیا لگائی تھی یا پھر سروس لائن بریک کی تھی حالانکہ معاملہ کی حقیقت ڈائریکٹریٹ کے افسران کی جانچ کے بعد سامنے آئے گی۔ واضح رہے کہ وکاس نگر کے باشندے امت چترانشی کے مکان میں ہائی وولٹیج آنے کے سبب اس کے بہت سے آلات جل گئے اور مکان کے ایک حصہ کو بھی نقصان پہنچا۔ آگ کو قابو میںکرنے کیلئے فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا جس کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
دوسری جانب وکاس نگر بجلی گھر کے انجینئروں کاکہنا ہے کہ جس مکان میں ہائی وولٹیج سے آگ لگنے کی بات کہی گئی ہے وہاں صرف مکان کے بالائی حصہ میں ہائی وولٹیج سے نقصان ہوا۔ زیریں حصہ میں رکھے ہوئے تمام آلات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ انجینئروں نے بتایا کہ مکان میں لگا ہوا بجلی کا میٹر بھی خراب نہیں ہوا جبکہ ہائی وولٹیج آنے کے بعد سب سے پہلے میٹر کو خراب ہو جانا چاہئے تھا۔
انجینئروں نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ مکان میں کٹیا لگائی گئی تھی یا پھر کسی فیز بائی پاس کے ذریعہ بجلی کا استعمال کیا جا رہا ہوگا۔ افسران نے اس واقعہ کی اطلاع بجلی تحفظ ڈائریکٹریٹ کو دے دی ہے۔ معاملہ کی جانچ کی جا رہی ہے اور جلد ہی رپورٹ ملنے کی توقع ہے۔