لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ عالم باغ سے لیکر ٹھاکر گنج تک شہر میں لوگوں کو بجلی بحران برداشت کرنا پڑا۔ گئو گھاٹ و بالا گھاٹ میں روسٹنگ چلتی رہی جس کے سبب لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اُدھر چندر نگر سب اسٹیشن پر لوگوں نے دیر شب ہنگامہ آرائی کی جبکہ چوپٹیاں بجلی گھر پر تکنیکی بجلی خرابی کے سبب سرائے مالی خاں سمیت کئی علاقوں میں رات بھر بجلی گل رہی۔ پاور کارپوریشن کے مطابق راجدھانی میں بھلے ہی ۲۳ گھنٹے بجلی سپلائی ہو رہی ہو لیکن تکنیکی خرابیوں کے سبب لوگوں کو بجلی بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عالم باغ علاقہ میں منگل کی شام سے ہی بجلی گل تھی۔ دیر شب ناراض باشندوں نے چندر نگر سب اسٹیشن پر جم کر ہنگامہ کیا اور لیسا انجینئروں کے خلاف ناراضگی ظاہر کی۔اس کے علاوہ اندرا نگر کے سیکٹر ۱۴ میں ٹرانسفارمر خراب ہونے سے لوگوں کو دن بھر بجلی بحران کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر گنج میں بھی ٹرانسفارمر خراب ہو گیا جس کے سبب لوگوں کو صبح گیارہ بجے سے دوپہر بعد چار بجے تک بجلی نہیں ملی۔ سعادت گنج کے پرانا چبوترا علاقہ میں تار ٹوٹنے سے لوگوں کو دن بھر بجلی بحران سے دو چار ہونا پڑا۔
اس کے علاوہ لوڈ زیادہ ہونے کے سبب پرانے لکھنؤ کے ٹھاکر گنج، بالا گنج ، قرب وجوار کے علاقوں میں بجلی کی آمد و رفت بنی رہی۔ چوپٹیاں سب اسٹیشن پر تکنیکی خرابی کے سبب رات بھر بجلی نہیں آئی۔