لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کرشنا نگر علاقہ میں بدھ کو گھر کے باہر کھڑی طالبہ پر بجلی کا تار ٹوٹ کر گرگیا۔ طالبہ کے اوپر بجلی کا تار گرنے سے وہ جھلس گئی۔زخمی حالت میں اہل خانہ اسے لوک بندھو اسپتال لے گئے جہاںسے اسے شیاما پرساد مکھرجی سول اسپتال بھیج دیا گیا۔ حادثہ کے بعد ناراض لوگوں نے بجلی سب اسٹیشن کا گھیراؤکیا۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر لیسا کے انجینئر اسپتال پہنچے اور طالبہ کی حالت دریافت کی۔ کرشنا نگر تھانہ علاقہ کے ۵۳؍۵۶۹ بریگواں کی ساکنہ ریتی راوت بنت پپو عرف راج کمار راوت بدھ کو گھر کے باہر کھڑی تھی۔
اسی دوران گھر کے قریب سے گزر رہا بجلی کا تار اچانک ٹوٹ کر اس پر گر گیا۔ تار گرنے
سے اسے کرنٹ لگ گیا اور وہ بری طرح جھلس گئی جسے اہل خانہ نے لوک بندھو اسپتال پہنچایا جہاں سے ریتی راوت کو سول اسپتال بھیج دیا گیا۔ حادثہ کی اطلاع مقامی لوگوں کو ہوئی تو لوگوں نے بارہ بروا واقع بجلی پاور ہاؤس کا گھیراؤ کیا۔ لوگوں کی مخالفت کو دیکھتے ہوئے جونیئر اے کے شکلا بجلی گھر سے نکل گئے۔ ناراض لوگوں نے بجلی گھر پر بجلی محکمہ کے افسران کے خلاف نعرے بازی کی۔ کنبہ والوں کا کہنا ہے کہ گیارہ سالہ ریتی راوت پرائمری اسکول میں درجہ چار کی طالبہ ہے۔ حادثہ کے بعد دیر شام ایگزیکٹیو انجینئر آشو کالیا و اسسٹنٹ انجینئر آر کے دکشت نے سول اسپتال پہنچ کر طالبہ کیخیریت دریافت کی۔