لکھنؤ(نامہ نگار)ایک ریئل اسٹیٹ کاروباری کو اسمبلی الیکشن میں بی جے پی سے ٹکٹ دلانے کے نام پر ایک پنڈت نے ۳۳لاکھ روپئے ، موبائل فون اور لیپ ٹاپ ہڑپ کر لیا۔ ضمنی انتخابات کا ٹکٹ بی جے پی سے جب گوپال ٹنڈن کو مل گیا تو کاروباری نے پنڈت سے اپنے روپئے طلب کئے تو پنڈت نے کاروباری کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔
اس معاملہ میں آج پولیس نے ملزم پنڈت کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی گومتی پار دنیش یادو نے بتایا کہ چنہٹ کے رہنے والے ریئل اسٹیٹ کاروباری جگ دت ورما کا وکاس نگر کرسی روڈواقع دیپ پلازا میں دفتر ہے۔ گذشہ سال علی گنج کے لکشمن پنڈت نام کے ایک شخص نے کانپور روڈ پر اس سے زمین خریدی تھی۔لکشمن پنڈت پوجا پاٹھ کا کام کرتا تھا اس کی وجہ سے اس کی کاروباری سے دوستی ہو گئی۔کچھ دن قبل لکشمن پنڈت نے کاروباری کو بتایا کہ وہ سنگھ کا پرچارک ہے اوراس کی وجہ سے اس کی بی جے پی کے کئی سینئر رہنماؤں سے پہچان ہے۔ لکشمن نے امت شاہ، رام مادھو، جے پی گوڑ جیسے رہنماؤں سے اپنے قریبی تعلقات ہونے کی بات بتائی۔
کاروباری نے لکشمن سے اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کی خواہش ظاہر کی۔لکشمن نے اس کو بی جے پی سے ٹکٹ دلانے کا یقین بددلایا اس کے بعد ملزم نے کاروباری سے ۳۳لاکھ روپئے ، دوموبائل فون، اور لیپ ٹاپ اینٹھ لئے ۔ اسی درمیان جب بی جے پی نے ضمنی انتخاب کیلئے گوپال ٹنڈن کو ٹکٹ دیا تو کاروباری کو محسوس ہوا کہ اس کے ساتھ ٹھگی ہوئی ہے۔ ٹھگی کے شکار کاروباری نے اس معاملہ میں لکشمن کے خلاف وکاس نگر تھانہ میں دھوکہ دہی کی رپورٹ درج کرائی۔ کاروباری کی اطلاع پر آج وکاس نگر پولیس نے کپور تھلا کے نزدیک سے ملزم لکشمن کو گرفتار کر لیا۔ملزم لکشمن پنڈت نے کیمسٹری سے بی یس سی کے علاوہ صحافت کی بھی ڈگری لے رکھی ہے وہ بہار کا رہنے والا ہے اس کے والد راج بلبھ پنڈت کول انڈیا میں تعینات تھے اور ان کی موت ہو چکی ہے۔