لکھنؤ(بیورو)اترپردیش کے چیف سکریٹری آلوک رنجن نے ہدایت دی ہے کہ سی جی سٹی (چک گنجریا فارم) کے کاموں میں تیزی لاکرکا موں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ مویشی پروری کے منتقل ہونے والی عمارت مقررہ مدت ۳۰ ستمبر تک ضرور منتقل کرایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ پرنسپل سکریٹری رہائش اور مویشی پروری خود آئندہ ہفتے میں جگہ کا معائنہ کر ضروری کارروائی جلد از جلد مکمل کرائیں۔ انہوں نے کہاکہ آئی ٹی سٹی کا سنگ بنیاد آئندہ ۱۵؍اکتوبر کو ریاست کے وزیراعلیٰ رکھیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی جی سٹی (چک گنجریا فارم) کے کامو کی پیش رفت کا جائزہ ہر ماہ چیف سکریٹری کی سطح پر لیا جائے گا۔
چیف سکریٹری آج اپنے دفترکے میٹنگ ہال میں سی جی سٹی (چک گنجریا فارم) کے کاموں میں محکمہ رہائش اور مویشی پروری کے کاموں کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سی جی سٹی میں زیر تجویز آئی آئی آئی ٹی ، سوپر اسپیشلیٹی ہاسپٹل ، کارڈی لوجی سینٹر، اترپر دیش ایڈمنسٹریٹیو اکاڈمی، کینسر ادارہ ، امول ڈیری ، آئی ٹی سٹی ، جدید میڈی سٹی ، محکمہ مویشی پروری کے انفرا اسٹرکچر؍ تعمیر وغیرہ کاموں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے متعلقہ محکمے اپنے کاموں میں تیزی لائیں ۔
مینیجنگ ڈائرکٹر اترپردیش سرکاری تعمیراتی کارپوریشن کو مقررہ مدت میں نظام الاوقات کے مطابق کاموں کو مکمل کرانے کی ہدایت دی اور محکمہ مویشی پروری کو ہدایت دی کہ ہر حالت میں ان کے محکمے کے ذریعہ مرتب کرائے جانے والے کاموں کو باضابطہ طریقے سے مکمل کرانا یقینی بنایا جائے۔
چیف سکریٹری نے پرنسپل سکریٹری رہائش اور شہری منصوبہ بندی کو نبلٹ بارہ بنکی، رحمان کھیڑا اور چک گنجریا فارم کے زیر تجویز کاموں کی پیش رفت کیلئے زمینی معائنہ کرنے کی ہدایت دی۔