نئی دہلی ۔ ملک کی دوسری سب سے بڑی مواصلات کمپنی ووڈا فون کا کہنا ہے کہ کم کال شرحوں کا دور زیادہ دن رہنے والا نہیں ہے اور فون کال و دیگر موبائل خدمات کی شرحوں میں اب ہر سال اضافہ ہوگا ۔ ووڈافون انڈیا کے ایم ڈی اور سی ای او مارٹن پیٹر س نے ایک انٹرویو میں کہاکہ مہنگائی کی شرح ہر سال ۸ سے ۹ فیصد ہے جبکہ گزشتہ کافی برسوں سے ملک میں فون کال کی شرحیں نچلی سطح پر ہیں ۔ کیا آپ اسے ہمیشہ قائم رکھ سکتے ہیں ایسا ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب نچلی کال شرحوں کادور ختم ہوگیا ہے اور لاگت کے حساب سے ہر سال کال کی شرحوں میں اضافہ ہوگا ۔ پیٹرس نے کہا کہ ہر کسی کی طرح مواصلات صنعت کو بھی قیمت میں اضافہ کرنا ہوگا ۔ووڈا فون ، ایئر ٹیل اور آئیڈیا سیلولر نے گزشتہ مہینے اپنی ٹو جی موبائل انٹرنیٹ شرحوں میں ۲۵ سے ۳۰ فیصد کا اضافہ کیا تھا ۔پیٹرس نے کہا کہ آگے چل کر ٹو جی اور تھری جی ڈاٹا شرحیں ایک سطح پر ہوں گی جس سے ٹو جی موبائل انٹرنیٹ کی شرحوں میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے تھری جی نٹ ورک کی شروعات کی تھی اس وقت شرحیں ۶-۷ گنا زیادہ تھیں اب یہ ٹو جی ڈاٹا شرحوں کے مقابلے میں ۵ء۱ سے ۶ء۱ گنا ہیں ۔ ایسے میںہم صرف تھری جی شرحوں کو کم نہیں کرسکتے بلکہ ٹوجی شرحیں بڑھانے کی بھی ضرورت ہوگی ۔ ووڈا فون کے مد مقابل مثلا ریلائنس کمیونیکشنس اور ایئر سیل نے تھری جی موبائل انٹرنیٹ کی شرحیں کم کردی ہیں جس سے انہیں ٹو جی موبائل انٹرنیٹ کی شرحوں کے برابر کیا جاسکے ۔ پیٹرس نے کہا کہ صنعت کو نٹ ورک کی مہارت میں اضافہ کرنا ہوگا جس سے بڑھتے دبائو کو برداشت کیا جاسکے ۔