لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ٹھاکر گنج کے رنگ روڈ علاقہ میں دماغی طور س معذور خاتون کے قتل کا پولیس نے راز فاش کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سی او چوک سرویش کمار مشرا نے بتایا کہ خاتون کے قتل معاملہ میں شروع سے ہی اس بات کا شک تھا کہ خاتون کے قتل میں علاقہ کے ہی کسی شخص کا ہاتھ ہے۔
پولیس کو پتہ چلا کہ واردات کے بعد سے کشمیری باغ کے رہنے والے دو نوجوان ونود یادو اور مکیش غائب ہیں ۔ پولیس جب دونوں کے گھر پہنچی تو پتہ چلا کہ دونوں نوجوان منگل کی رات سے گھر نہیں آئے ہیں تو پولیس کو دونوں پر شک ہو گیا۔ جمعرات کی دوپہر پولیس نے دونوں کو بھور پل کے نزدیک سے گرفتار کر لیا۔ پوچھ گچھ میں ملزمان نے بتایا کہ منگل کی رات وہ لوگ جب رات گھر واپس آرہے تھے تو ان کی نظر خاتون پر پڑ گئی۔ ان لوگوں نے اس کو زبردستی پلاٹ میں گھسیٹ لیا اور آبروریزی کرنے کی کوشش کی۔ خاتون کے مخالفت کرنے پر ملزمان نے اس کے سر پر اینٹ سے حملہ کر کے اس کا قتل کردیا۔
پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر خون آلود کپڑے بھی برآمد کئے ہیں۔ سی او چوک نے بتایا کہ فی الحال خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی ہے اس لئے اس کا پوسٹ مارٹم ابھی نہیںکرایا گیا ہے۔ وہیں ملزمان کے خون، ڈی این اے اور ناخن کا نمونہ بھی فارینسک ٹیم نے لیا ہے، سبھی نمونوں کو ایف ایس ایل لیب جانچ کیلئے بھیجا گیا ہے۔