لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ گورنر رام نائک نے آج گورنر ہاؤس میں ویر بہادر سنگھ پوروانچل یونیورسٹی جونپور کی جانب سے یوم کھیت کے موقع پر منعقد اعزازی تقریب میں یونیورسٹی خواتین کرکٹ ٹیم کی سولہ رکنی اور دیپک یادو کو وزن اٹھانے کے مقابلہ میں اول مقام حاصل کرنے پر سونے کا تمغہ دے کر سرفراز کیا۔اس موقع پر گورنر کی اہلیہ کندانائک، وائس چانسلر پروفیسر پیوش رنجن اگروال، گورنر کی چیف س
کریٹری جوتھیکا پاٹنکر اور یونیورسٹی کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ گورنر نے یوم کھیل کے موقع پر میجر دھیان چندر جن کی یوم پیدائش کے موقع پر یوم کھیل منعقد کیا جاتا ہے ان کواپنا خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر دھیان چندر نے ملک کا نام ہاکی میں روشن کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہاکہ یہ باعث مسرت ہے کہ آج گنیش چترتھی اور یوم کھیل دونوں ساتھ ساتھ منائے جا رہے ہیں۔ طلباء و طالبات اور کھلاڑیوں کو خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ ہمارے نوجوان کھیل کے ساتھ ساتھ طالب علم کی ذمہ داری نبھاتے معیاری تعلیم حاصل کریں اور زندگی میں ایک اچھا شہری بننے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو سماج کو سدھارنے کا کام کرنے کا عہد کرنا چاہئے۔ گورنرنے یونیورسٹی کرکٹ خاتون مقابلہ ۱۴-۲۰۱۳ کی فاتح ٹیم کی کھلاڑیوں کواعزاز دے کر سرفراز کیا۔