لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ پرینکا چوپڑا ہندوستان کی مشہور باکسر میری کام کا کردار نبھاکر بے حد حوصلہ افزا ہیں اور چاہتی ہیں کہ اس فلم کو اعزاز سے سرفراز کیا جائے۔ جمعہ کو پرینکا چوپڑا نوابوںکے شہرمیں اپنی اس فلم کا پرموشن کرنے پہنچیں۔ یہاں پرینکا نے تشہیر کے علاوہ لکھنؤ میں گزارے اپنے پرانے دنوں کو بھی یاد کیا۔ پرینکا نے بتایا کہ وہ راجدھانی کے لامارٹینئر گرلس کالج میں پڑھتی تھیں۔ انہوں نے بتایاکہ ان کے والد بریلی میں نوکری کرتے تھے اور چھٹی کے دنوں میں ان کی والدہ لکھنؤ آتی تھیں تب وہ ان کے ساتھ رکشا میں بیٹھ کر حضرت گنج گھومتی تھیں۔ پرینکا نے کہا
کہ میری کام ملک کی عزت ہیں اور ان کا کردار نبھاکر خود پر فخر محسوس کر رہی ہیں۔ پرینکا نے کہا کہ میری کام نے پورے ملک کا نام روشن کیا ہے اس لئے ملک کے گوشے گوشے میں جاکر میری کام کی زندگی پر مبنی اس فلم کا پرموشن کر رہی ہیں۔ فلم کو ٹیکس فری کئے جانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر اکھلیش بھیا چاہیں گے تو یو پی میں میری کام ٹیکس فری ضرور ہوگی۔ وہیں منی پور میں فلم کو ریلیز نہ کئے جانے پر انہیں افسوس بھی ہے۔ پرینکا کے ساتھ ویب سنیما کے ڈائریکٹر ایس ایس بندرا بھی موجود تھے۔