رامپور۔ جنتا دل یو کے ضلع جنرل سکریٹری دلشاد حسن نے ضلع مجسٹریٹ کو خط سپرد کرتے ہوئے ڈگری کالج سوار چنگی روڈ سے کانشی پور جانے والی سڑک کی مرمت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ اس سڑک پر تقریباً ۳۵ سال قبل کھڑنجا ڈالا گیا تھا جو خستہ حالت میں ہے۔ سڑک پر سے مسافروں کا گزرنا خطرہ سے خالی نہیں ہے۔ مذکورہ سڑک کی تعمیر رکن پارلیمنٹ نکی میاں نے ۳۵ سال قبل کرائی تھی۔ اس وقت سے آج تک اس سڑک کی تعمیر نہیں کرائی گئی جبکہ مذکورہ سڑک کے ذریعہ بہت سے گاؤں کا رابطہ ہے۔ انہوں نے سڑک کی تعمیر وزیر اعظم سڑک اسکیم کے تحت کرانے کا مطالبہ کیا۔